رسائی کے لنکس

برسبین ٹیسٹ کا دوسرا دن آسٹریلوی بلے بازوں کے نام


آسٹریلوی اوپنرز ڈیوڈ وارنر نے شاندار سنچری مکمل کی اور کریز پر موجود ہیں۔
آسٹریلوی اوپنرز ڈیوڈ وارنر نے شاندار سنچری مکمل کی اور کریز پر موجود ہیں۔

آسٹریلیا نے برسبین ٹیسٹ کے دوسرے دن پاکستان کے خلاف ایک وکٹ کے نقصان پر 312 رنز بنا لیے۔ اس طرح کینگروز کو مہمان ٹیم پر 72 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

برسبین کرکٹ گراؤنڈ میں کینگروز اوپنرز ڈیوڈ وارنر اور جو برنز نے دوسرے روز کھیل کا آغاز کیا۔ اس سے قبل پاکستان نے پہلے دن کھیلتے ہوئے 240 رنز بنائے تھے۔

آسٹریلوی اوپنرز نے پُر اعتماد انداز میں اننگز شروع کی اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلے۔ دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ پر 222 رنز جوڑے۔

شاہین شاہ آفریدی، عمران خان اور نسیم شاہ پر مشتمل پاکستان کا فاسٹ بالنگ اٹیک آسٹریلوی بلے بازوں کے سامنے بے بس دکھائی دیا جب کہ یاسر شاہ کی گھومتی گیندیں بھی ڈیوڈ وارنر اور جو برنز کو شکار نہ کرسکیں۔

دونوں اوپنرز نے پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا۔
دونوں اوپنرز نے پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا۔

آسٹریلیا کو پہلی وکٹ کا نقصان اس وقت ہوا جب جو برنز یاسر شاہ کی گیند پر سوئپ لگانے کی کوشش کر رہے تھے لیکن گیند گھومتی ہوئی وکٹ پر جا لگی۔ وہ 10 چوکوں کی مدد سے 97 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

تیسری وکٹ پر ڈیوڈ وارنر اور مارنس لبسچگنی نے تسلسل کے ساتھ مجموعی اسکور کو آگے بڑھایا اور ڈیوڈ وارنر نے اپنی سنچری مکمل کی۔

دوسرے روز کھیل کے اختتام تک میزبان ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 312 رنز بنا لیے۔ وارنر 151 اور مارنس 55 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

دوسرے روز کھیل کے اختتام تک آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے 151 رنز بنالیے۔
دوسرے روز کھیل کے اختتام تک آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے 151 رنز بنالیے۔

اس سے قبل پاکستان نے میچ کے پہلے روز 240 رنز بنائے تھے جس میں اسد شفیق سب سے زیادہ 76 رنز کے ساتھ نمایاں تھے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں کپتان اظہر علی 39، محمد رضوان 37، شان مسعود 27 اور یاسر شاہ 26 رنز بنا سکے تھے۔

حارث سہیل اور بابر اعظم نے مایوس کن کارکردگی پیش کی اور دونوں بلے باز صرف ایک، ایک رنز بنانے میں کامیاب ہوئے جب کہ افتخار احمد اور نسیم شاہ نے سات سات رنز بنائے۔

کینگروز کی جانب سے مچل اسٹارک نے چار، پیٹ کمنس نے تین، جوش ہیزل وڈ نے دو اور نیتھن لیون نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

یاد رہے کہ پاکستان آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا اپنا پہلا میچ کھیل رہا ہے اور ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ پاکستان ٹیم میں شامل نوجوان فاسٹ بالر نسیم شاہ اپنا ڈیبیو میچ کھیل رہے ہیں۔

پاکستان کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ شان مسعود، کپتان اظہر علی، حارث سہیل، بابر اعظم، افتخار احمد، اسد شفیق، وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان، یاسر شاہ، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور عمران خان۔

آسٹریلوی ٹیم کی قیادت وکٹ کیپر بلے باز ٹم پین کر رہے ہیں جب کہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں ڈیوڈ وارنر، جو برنس، مارنس لبوسچگنی، اسٹیو اسمتھ، ٹریوس ہیڈ، میتھیو ویڈ، پیٹ کمنس، مچل اسٹارک، نیتھن لیون اور جوش ہیزل وڈ ​شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG