میلبرن میں جاری 'آسٹریلین اوپن' کے سیمی فائنل میں ایک یادگار مقابلے کے بعد عالمی نمبر تین راجر فیڈرر اپنے گہرے دوست لیکن روایتی حریف رافیل ندال کے ہاتھوں شکست کھانے کے بعد مقابلے سے باہر ہوگئے ہیں۔
میلبرن کے 'لارڈ لیور ارینا' میں ہونے والے سال کے پہلے گرینڈ سلم ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل دونوں روایتی حریفوں کے درمیان ایک اور تاریخی مقابلہ ثابت ہوا۔
پونے چار گھنٹے جاری رہنے والے میچ میں اسپین کے رافیل ندال نے اپنے سوئس حریف کو 7-6، 2-6، 6-7، 4-6 سے شکست دی۔
ٹینس کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑی تسلیم کیے جانے والے فیڈرر اور ندال کا عموماً عالمی مقابلوں کے فائنل میں ہی ایک دوسرے سے سامنا ہوتا ہے۔ تاہم، یہ دوسرا موقع تھا جب دونوں کھلاڑی کسی گرینڈ سلم ایونٹ کے سیمی فائنل میں ایک دوسرے کے مدِ مقابل آئے تھے لیکن ان کا جوش و خروش فائنل سے کسی طور کم نہیں تھا۔
ریکارڈ 16 گرینڈ سلم ٹائٹل جیتنے والے30 سالہ فیڈرر کی گزشتہ 26 میچز میں یہ پہلی شکست تھی۔ دونوں کھلاڑی اب تک ایک دوسرے کےخلاف27 عالمی میچزکھیل چکے ہیں جن میں 25 سالہ نڈال کو 9-18 کی واضح برتری حاصل ہے۔
'آسٹریلین اوپن' کا دوسرا سیمی فائنل جمعے کو دفاعی چیمپئن نوواک جوکووچ اور مسلسل دو برسوں سے 'آسٹریلین اوپن' کے رنر اپ عالمی نمبر چار اینڈی مرے کے درمیان ہوگا۔
دونوں کھلاڑیوں کے مابین ماضی میں 10 میچز ہوچکے ہیں جن میں سربین نژاد عالمی نمبر ایک جوکووچ کو اپنےبرطانوی حریف پر 4-6 کی برتری حاصل ہے۔
دریں اثنا، روس کی ماریہ شیرا پوا اور بیلا روس کی وکٹوریا ازارینکا 'آسٹریلین اوپن' کے خواتین مقابلوں کے فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔
عالمی نمبر تین ازارینکا نے پہلی بار کسی گرینڈ سلم ایونٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کی ہے۔ انہوں نے سیمی فائنل میں اپنی حریف اور دفاعی چیمپئن بیلجئم کی کم کلسٹرز کو 4-6، 6-1، 3-6 سے شکست دی۔
دوسرے سیمی فائنل میں عالمی نمبر چار شراپوا اپنی حریف عالمی نمبر دو چیک ری پبلک کی پیٹرا ویٹووا کو 2-6، 6-3، 4-6 سے شکست دے کر تیسری بار 'آسٹریلین اوپن' کے فائنل میں پہنچنے میں کامیاب رہیں۔