رسائی کے لنکس

پاکستان کو تیسرے ون ڈے میں بھی شکست، سیریز آسٹریلیا کے نام


تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 80 رنز سے ہرا کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔

ابوظہبی میں بدھ کو کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنائے۔ جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 186 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور 20 رنز کے مجموعی اسکور پر پہلے عثمان خواجہ بغیر کھاتہ کھولے اور پھر شان مارش 14 رنز کی بناکر پویلین لوٹ گئے۔

مشکل صورتِ حال میں کپتان آرون فنچ اور ہینڈز کومب نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 84 رنز بناکر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔ لیکن ہینڈز کومب 47 رنز پر حارث سہیل کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

نئے بیٹسمین اسٹوئنس صرف 10 رنز بناسکے اور عماد وسیم کی گیند پر کلین بولڈ ہوکر پویلین کی راہ لی۔

اگلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ان فارم بیٹسمین آرون فنچ تھے جو 90 رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند پر حارث سہیل کو کیچ دے بیٹھے۔ وہ صرف 10 رنز کے فرق سے مسلسل تین سینچریاں بنانے والے پہلے آسٹریلوی کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام نہ کرسکے۔

فنچ نے پہلے ون ڈے میں 116 اور دوسرے ون ڈے میں ناقابلِ شکست 153 رنز بنائے تھے۔

میکسویل نے صرف 55 گیندوں پر 71 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کو ٹیم کے اسکور کو تیزی سے آگے بڑھانے میں مدد کی۔ یوں آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 267 رنز کا ہدف دیا۔

نوجوان بالر محمد حسنین صرف پانچ اوورز میں 50 رنز دے کر سب سے مہنگے بالر ثابت ہوئے۔ یہ ان کے ون ڈے کیریئر کا دوسرا میچ ہے لیکن بدقسمتی سے وہ اب تک کوئی بھی وکٹ لینے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔

عثمان شنواری، جنید خان، یاسر شاہ، عماد وسیم اور حارث سہیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کو اننگز کی ابتدا ہی سے مشکلات کا سامنا رہا اور کھیل کے اختتام تک وہ اس صورتِ حال سے باہر نہ آسکی۔

شان مسعود 14 کے مجموعی اسکور پر 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو صرف 2 رنز کے اضافے پر حارث سہیل ایک رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ پھر دوسرے ون ڈے میں سینچری بنانے والے وکٹ کیپر بیٹسمین رضوان احمد بھی بغیر کوئی رن بنائے گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔

پیٹ کومنز نے تین ٹاپ آرڈرز بیٹسمینوں کو آؤٹ کرکے پاکستان کی بیٹنگ لائن کی تباہی میں مرکزی کردار ادا کیا جس پر اُنہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

نئے بیٹسمین شعیب ملک نے امام الحق کے ساتھ مل کر آسٹریلوی بالرز کے خلاف کچھ مزاحمت دکھائی لیکن جب اسکور 75 رنز ہوا تو امام الحق 46 رنز بناکر کپتان کا ساتھ چھوڑ گئے۔

شعیب ملک 31 رنز بناکر ہمت ہار گئے۔ عمر اکمل نے 36 رنز پر ہی اکتفا کیا اور عماد وسیم نے 43 رنز بناکر ڈریسنگ روم کی راہ لی۔

یوں پاکستان ٹیم 44 اعشاریہ 4 اوورز میں 186 رنز بناسکی اور آسٹریلیا نے 80 رنز سے نہ صرف میچ جیت لیا بلکہ سیریز میں بھی تین۔صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

آسٹریلیا کی طرف سے زامپا نے 4، پیٹ کومنز نے 3 جب کہ بہرینڈروف، لیون اور میکسویل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

چوتھا ون ڈے اسی گراؤنڈ پر جمعے کو کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG