رسائی کے لنکس

آسٹریلیا: گھر سے آٹھ بچوں کی لاشیں برآمد


آسٹریلیا کے میڈیا نے زخمی خاتون کی کزن لیزاتھائیڈے کے حوالے سے کہا ہے کہ تمام بچے بہن بھائی تھے اور زخمی عورت اُن کی ماں ہے۔

آسٹریلیا میں پولیس نے کہا ہے کہ اُنھیں ملک کے شمالی شہر میں ایک مکان سے آٹھ بچوں کی لاشیں جب کہ ایک خاتون زخمی حالت میں ملی ہیں جس کے جسم پر چاقوؤں کے وار کے زخم تھے۔

اطلاعات کے مطابق بچوں کو بھی چاقوؤں کے وار کر کے ہلاک کیا گیا۔

کوئنزلینڈ اسٹیٹ کی پولیس کے مطابق اُنھیں مناورا کے مضافاتی علاقے کیرن سے جمعہ کی صبح ٹیلی فون کر کے بلایا گیا جہاں اُنھیں ایک گھر سے زخمی خاتون اور آٹھ بچوں کی لاشیں ملیں جن کی عمریں 18 ماہ سے 15 سال کے درمیان تھیں۔

عہدیداروں کے مطابق 34 سالہ خاتون اسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں اُن کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے اور وہ پولیس سے تحقیقات میں مدد کر رہی ہے۔

آسٹریلیا کے میڈیا نے زخمی خاتون کی کزن لیزاتھائیڈے کے حوالے سے کہا ہے کہ تمام بچے بہن بھائی تھے اور زخمی عورت اُن کی ماں ہے۔

لیزا کا کہنا ہے کہ جن بچوں کی لاشیں ملیں اُن کا ایک 20 سالہ بھائی جب گھر پہنچا تو اپنے بہن بھائیوں کو مردہ حالت میں دیکھا۔

سڈنی کے ایک کیفے میں پیر کو مسلح شخص کی جانب سے متعدد لوگوں کو یرغمال بنانے کے بعد آسٹریلیا میں پہلے ہی سکیورٹی ’ہائی الرٹ‘ ہے۔ تقریباً 16 گھنٹوں تک مسلح شخص نے لوگوں کو یرغمال بنانے رکھا اور سکیورٹی فورسز کی فیصلہ کن کارروائی میں مسلح شخص سمیت تین افراد مارے گئے تھے۔

آسٹریلیا کے وزیراعظم ٹونی ایبٹ نے بچوں کی لاشیں ملنے کو ’دل خراش‘ واقعہ قرار دیا اور تسلیم کیا کہ یہ ملک کے لیے مشکل دن ہیں۔

پولیس نے بھی لوگوں سے تحمل سے رہنے کی اپیل کی ہے۔

XS
SM
MD
LG