کرکٹ ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو 95 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
جمعرات کو سڈنی میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ پچاس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں بھارت کی پوری ٹیم 46.5 اوورز میں 233 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان مہندرا سنگھ دھونی کے علاوہ کوئی بھارتی بلے باز جم کر آسٹریلوی باؤلروں کا سامنا نہیں کر سکا۔
دھونی نے 65 رنز بنائے جب کہ دھوون 45 اور راہانے 44 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
آسٹریلیا کی طرف سے فاؤلکنر نے تین، جانسن اور اسٹارک نے دو، دو جب کہ ہیزل ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے جب اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اسے ابتدا ہی میں نقصان اٹھانا پڑا۔ صرف 15 کے مجموعی اسکور پر یادوو کی گیند پر کوہلی نے وارنر کا کیچ پکڑا۔
اس کے بعد قدرے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے فنچ اور اسمتھ نے 182 رنز کی شراکت قائم کی۔ دونوں نے بالترتیب 81 اور 105 رنز بنائے۔
دیگر کھلاڑیوں میں سے کوئی بھی بلے باز قابل ذکر اسکور نہ بنا سکا لیکن یہ سب اپنی ٹیم کی پوزیشن مضبوط کرنے میں اپنا اپنا حصہ ڈال کر آؤٹ ہوتے رہے۔
بھارت کی طرف سے اومیش یادوو نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ موہت شرما نے دو اور ایشون نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اسٹیون اسمتھ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
دفاعی چیمپین بھارت کی کارکردگی اس ورلڈ کپ میں متاثر کن رہی تھی اور اس نے اب تک کھیلے گئے اپنے ساتوں میچوں میں کامیابی حاصل کر رکھی تھی۔
آسٹریلیا اب تک پانچ میچوں میں فاتح رہا، ایک میں اسے شکست ہوئی جب کہ ایک میچ برابر رہا۔
آسٹریلیا اب اتوار کو میلبورن میں نیوزی لینڈ کے خلاف فائنل میچ کے لیے میدان میں اترے گا۔ آسٹریلیا چار مرتبہ عالمی کپ جیت چکا ہے جب کہ نیوزی لینڈ پہلی بار ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچا ہے۔
پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد چار وکٹوں سے شکست دی تھی۔