رسائی کے لنکس

ایشیا کپ: مسلسل بارش کے باعث پاک بھارت میچ بے نتیجہ ختم ، ایک ایک پوائنٹ مل گیا


سری لنکا میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ کے پول اے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلے کا ایک منظر۔ 2 ستمبر 2023
سری لنکا میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ کے پول اے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلے کا ایک منظر۔ 2 ستمبر 2023

ایشیا کپ کے سب سے بڑے ٹاکرے میں بھارت نے پاکستان کو جیت کے لیے 267 رنز کا ہدف دیا تھا۔ لیکن مسلسل بارش کے باعث پاکستان اپنی اننگ شروع نہیں کر سکا اور میچ ختم کر کے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

میچ کی منسوخی اور ایک پوائنٹ ملنے سے پاکستان نے سپر فور کے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

سری لنکا کے پالیکیلے اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں بھارتی ٹیم 48 اعشاریہ پانچ اوورز میں 266 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ بھارتی ٹیم 300 کا ہندسہ عبور کر لے گی لیکن میچ کے آخری آٹھ اوورز میں پاکستان کے پیسرز نے شاندار کم بیک کیا بھارتی بیٹنگ لائن کو بڑا اسکور بنانے سے روکنے میں کامیاب رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے چار، نسیم شاہ اور حارث رؤف نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ سے قبل ہی پیش گوئی کی جا رہی تھی کہ میچ بارش سے متاثر ہو سکتا ہے۔ بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو شبمن گل اور کپتان شرما نے پاکستان کے خلاف اننگز کا آغاز کیا۔

بھارتی بلے باز شہریاس ایر کے آؤٹ ہونے پر حارث رؤف خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ 2 ستمبر 2023
بھارتی بلے باز شہریاس ایر کے آؤٹ ہونے پر حارث رؤف خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ 2 ستمبر 2023

اوپننگ بلے بازوں نے پاکستانی فاسٹ بالنگ اٹیک کے سامنے محتاط انداز اپنایا۔ ٹیم کا اسکور 15 تک پہنچا تو کپتان روہت شرما شاہین کی گیند پر بولڈ ہو گئے جس کے بعد آنے والے بلے باز وراٹ کوہلی بھی دفاعی شارٹ کھیلتے ہوئے شاہین کی ہی گیند پر بولڈ ہوئے۔ شرما گیارہ اور کوہلی چار رنز ہی بنا سکے۔

تیسری وکٹ پر شبمن گل اور شہریاس ایر نے بڑی شراکت لگانے کے لیے پاکستانی پیسرز کے سامنے مزاحمت کی کوشش کی لیکن 48 کے مجموعی اسکور پر حارث رؤف کی شاندار بال پر شہریاس ایر دائرے میں ہی کیچ دے بیٹھے۔

شبمن گل چوتھے آؤٹ ہونے والے بلے باز ثابت ہوئے جنہیں 66 کے مجموعی اسکور پر حارث رؤف نے اپنی تیز رفتار گیند پر آؤٹ کیا، گل 10 رنز ہی بنا سکے۔

آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا اور اشان کشن نے پانچویں وکٹ پر پاکستانی بالرز کے خلاف جارحانہ انداز اپنایا اور 138 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعی اسکور 204 رنز تک پہنچایا۔ اس موقع پر حارث رؤف کی گیند پر اشان کشن کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے دو چھکوں اور نو چوکوں کی مدد سے 82 رنز کی اننگز کھیلی۔

اشان کے آؤٹ ہونے کے بعد ہاردک بھی زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکے اور شاہین آفریدی کی سلو گیند پر سلمان علی آغا کو کیچ دے بیٹھے۔ انہوں نے 87 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔

اس کے علاوہ روندرا جڈیجا 14، شردل ٹھاکر تین، کلدیپ یادیو چار اور جسپریت بمبرا 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

روہت شرما کی وکٹ لینے کے بعد شاہین آفریدی کا اظہار مسرت۔ 2 ستمبر 2023
روہت شرما کی وکٹ لینے کے بعد شاہین آفریدی کا اظہار مسرت۔ 2 ستمبر 2023

پالیکیلے میں صبح سے ہی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے دو مرتبہ میچ بھی روکنا پڑا تھا۔ موسم کی صورتِ حال بتانے والی ویب سائٹ ایکو ویدر کے مطابق پالیکیلے میں شام سات بجے بارش ہونے کا 60 فی صد امکان ہے۔

اس سے قبل ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے روہت شرما کا کہنا تھا کہ اسکور بورڈ پر بڑا ٹوٹل لگا کر پاکستان پر دباؤ بڑھانے کی کوشش کریں گے جب کہ پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹاس جیت کر وہ بھی بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے تاہم مخالف ٹیم کو جلد آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔

میچ شروع ہونے سے قبل پالیکیلے میں ہلکی بارش بھی ہوئی تھی اور اس وقت بھی آسمان پر بادل موجود ہیں۔

روہت شرما شاہیں آفریدی کی بال روکنے ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ 2 ستمبر 2023
روہت شرما شاہیں آفریدی کی بال روکنے ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ 2 ستمبر 2023

میچ سے قبل پالیکیلے میں موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی جا رہی تھی تاہم صبح کے اوقات میں وہاں ہلکی بارش ہوئی ہے جس کے بعد پچ کو کور کردیا گیا ہے۔

میچ سے قبل دونوں ٹیموں نے گزشتہ روز اسٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس کی تھی اور ایک دوسرے سے ملاقات بھی کی تھی۔

پاکستان ٹیم نے بھارت کے خلاف میچ کے لیے ٹیم کمبی نیشن برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ بھارت کی گیارہ رکنی ٹیم کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔

کپتان بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان ٹیم امام الحق، فخر زمان، محمد رضوان، سلمان علی آغا، افتخار احمد، شاداب خان، محمد نواز، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔

بابر اعظم نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ بھارت کے خلاف انہیں سری لنکا میں ایڈوانٹیج حاصل ہے کیوں کہ ان کی ٹیم ڈیڑھ دو ماہ سے یہاں کرکٹ کھیل رہی ہے۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ سے قبل پاکستان نے سری لنکا میں افغانستان کو تین ایک روزہ میچز کی سیریز میں وائٹ واش کیا تھا۔

فورم

XS
SM
MD
LG