رسائی کے لنکس

ایشیا کپ سپر فور میں پاکستان کو شکست، بنگلہ دیش فائنل میں


بنگلا دیش کے کھلاڑی ایشیا کپ کے سپر فور کے مرحلے میں پاکستان کو شکست دے کر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ 26 ستمبر 2018
بنگلا دیش کے کھلاڑی ایشیا کپ کے سپر فور کے مرحلے میں پاکستان کو شکست دے کر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ 26 ستمبر 2018

بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لئے 240 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 202رنز بنا سکی۔

ایشیا کپ کے سپرفور مرحلے میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو ب اآسانی37 رنز سے شکست دے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ فائنل میں اس کا مقابلہ بھارت سے ہو گا۔ مشفق الرحیم کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

ایونٹ کے اہم ترین میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مشفق الرحیم اور محمد متھن کی شاندار بیٹنگ کے سبب پاکستان کو جیت کے لئے 240 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 202رنز بنا سکی۔

تعاقب میں بنگلہ دیش کی اننگز کی طرح پاکستان کی اننگز کا آغاز بھی مایوس کن رہا اور صرف 18 رنز پر تین ٹاپ آرڈر بیٹسمین پویلین لوٹ گئے۔ فخرزمان اور بابراعظم ایک، ایک جبکہ کپتان سرفراز 10 رنز بنا سکے۔

مشکل صورت حال میں امام الحق کا ساتھ دینے شعیب ملک میدان میں اترے اور وکٹیں گرنے کے سلسلے کو بریک لگایا۔ مجموعی اسکور جب 85رنز پر پہنچا تو شعیب ملک 30رنز کی اننگز کھیل کر ہمت ہار گئے۔

شاداب خان نے 24 گیندوں پر صرف 4 رنز کی سست رفتار اننگز کھیلی۔

آصف علی نے بنگلہ دیشی بولرز کے سامنے کسی حد تک مزاحمت پیش کی اور 31رنز بنائے۔

دوسرے اینڈ پر امام الحق نے بنگلہ دیشی بولرز کا جم کر سامنا کیا لیکن رن ریٹ بڑھ جانے کے باعث رنز کی رفتار بڑھانے کی کوشش میں وہ 83 رنز پر اسٹمپ ہو گئے۔

امام الحق کے آؤٹ ہوتے ہی پاکستان کی جیت کی امیدیں بھی دم توڑ گئیں۔

حسن علی اور محمد نواز نے 8،8 رنز بنائے جبکہ شاہین شاہ 14 اور جنید خان 3 رنز کےساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

بنگلہ دیش کی طرف سے مستفیض الرحمان نے 4، مہدی حسن مرزا نے دو جبکہ روبیل حسین، محموداللہ اور سومیا سرکار نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ایشیا کپ 2018 کا فائنل 28 ستمبر کو بھارت اور بنگلادیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG