رسائی کے لنکس

ایشیا کپ، بنگلادیش کا پاکستان کو 240 رنز کا ہدف


جنید کی بال پر محموداللہ آؤٹ ہوتے ہوئے
جنید کی بال پر محموداللہ آؤٹ ہوتے ہوئے

ایشیا کپ میں سپر فور مرحلے کے آخری اور اہم ترین میچ میں مشفق الرحیم اور محمد متھن کی شاندار بیٹنگ کی بدولت بنگلادیش نے پاکستان کو جیت کے لئے240 رنز کا ہدف دیا ہے۔ جنید خان نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

بنگلادیش کے کپتان مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ لیکن پاکستانی فاسٹ بولرز کی شاندار بولنگ کے باعث اوپنرز اچھا آغاز نہ دے سکے اور صرف پانچ رنز پر سومیا سرکار بغیر کھاتہ کھولے جنید کی گیند پر فخرزمان کو کیچ دے بیٹھے۔

نئے آنے والے بیٹسمین مومن الحق کو شاہین شاہ نے 5 رنز پر کلین بولڈ کردیا۔ جب ٹیم کا اسکور صرف 12 رنز تھا لٹن داس بھی 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اُنہیں جنید خان نے کلین بولڈ کیا۔

مشفق الرحیم اور محمد متھن نے مشکل صورتحال میں رنز بنانے کی ذمہ داری سنبھالی اور ابتدا میں محتاط بیٹنگ کے بعد آزادانہ اسٹروک کھیلےجبکہ جنید اور شاہین شاہ کے بعد آنے والے بولرز بھی حریف بیٹسمینوں پر دباؤ برقرار نہ رکھ سکے جس کی وجہ سے دونوں بیٹسمینوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع ملا۔

مشفق اور متھن نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 144 رنز جوڑ کر ٹیم کو نہ صرف خسارے سے نکالا بلکہ مستحکم پوزیشن پر لے آئے۔ تاہم، اس موقع پر محمد متھن 60 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر پُل شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

سری لنکا کے خلاف گروپ میچ میں بھی ان دونوں بیٹسمینوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 131 رنز کی شراکت بنائی تھی۔ شفق الرحیم نے ایک روزہ کیریئر میں اپنی سب سے عمدہ اننگز کھیلتے ہوئے 144 جبکہ محمد متھن نے 63 رنز بنائے تھے۔

کپتان سرفراز نے بولنگ میں کئی تبدیلیاں کیں جو بالآخر بار آور ثابت ہوئیں۔ پہلے شاداب خان نے 9رنز پر امرالقیس کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا پھر شاہین شاہ آفریدی نے پاکستان کے لئے خطرہ بننے والے مشفق الرحیم کو 99 رنز پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ کرا دیا۔

امرالقیس اور مشفق الرحیم کے آؤٹ ہونے کے بعد بنگلادیش کے رنز بنانے کی رفتار سست پڑگئی اور تیزی سے رنز بنانے کی کوشش میں محموداللہ جنید کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے تو روبیل حسین مشکل رن لیتے ہوئے وکٹ گنوا بیٹھے۔

یوں بنگلادیش کی پوری ٹیم 48اعشاریہ 5 اوورز میں 239رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

جنید خان نے اپنے کم بیک میچ میں 19 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیںجبکہ شاہین شاہ اور حسن علی نے دو، دو اور شاداب خان نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

آج کے میچ کی فاتح ٹیم 28 ستمبر کو فائنل میں بھارت کے مدمقابل ہو گی۔

XS
SM
MD
LG