رسائی کے لنکس

ورلڈ کپ کوالیفائنگ میچ: ارجنٹائن نے ایکواڈور کو 0-1 سے شکست دے دی


میچ کا واحد اور فیصلہ کن میچ ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی نے کیا۔
میچ کا واحد اور فیصلہ کن میچ ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی نے کیا۔

فیفا ورلڈ کپ 2022 کے کوالیفائنگ میچ میں ارجنٹائن نے ایکواڈور کو 0-1 سے ہرا کر کوالیفائنگ میچز کے سفر کا کامیابی سے آغاز کیا ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان جمعے کو ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئیرس کے بومبونیرا گراؤنڈ میں آمنا سامنا ہوا۔

تماشائیوں سے اکثر بھرے رہنے والے اس گراؤنڈ میں کرونا وائرس کی احتیاط کے پیشِ نظر بند دروازے میں ورلڈ کپ 2022 کے لیے کوالیفائنگ میچ کھیلا گیا۔

میچ کے پہلے ہاف میں میزبان ٹیم کے فارورڈرز نے ایکواڈور کے گول پوسٹ پر کئی حملے کیے اور میچ کے 13ویں منٹ میں کپتان لیونل میسی نے پینلٹی ملنے پر گول کر کے مخالف ٹیم پر سبقت حاصل کی۔

میچ کا پہلا ہاف ارجنٹائن کے نام رہا جس کے دوران میزبان ٹیم کے کھلاڑیوں نے پراعتماد انداز سے حملے جاری رکھے۔

دوسرے ہاف میں ایکواڈور کے کھلاڑیوں نے میچ میں واپس آنے کی کئی بار کوشش کی لیکن ایکواڈور کے فارورڈرز بال کو جال میں نہ پہنچا سکے۔

میچ کے آخری منٹ تک ایکواڈور کو گول کرنے کا کوئی موقع نہ ملا اور اس طرح مقررہ وقت تک 0-1 سے برتری حاصل کر کے ارجنٹائن نے میچ اپنے نام کر لیا۔

ارجنٹائن نے ورلڈ کپ 2022 کے لیے اپنے پہلے کوالیفائنگ میچ میں کامیابی حاصل کر لی ہے اس کے بعد اب اگلا میچ بولیویا کے خلاف ہو گا۔

یاد رہے کہ میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول ارجنٹائن کے 32 سالہ کپتان لیونل میسی نے کیا۔ ارجنٹائن کی ٹیم کے ساتھ ساتھ میسی مختلف فٹ بال کلبز کے لیے کھیلتے ہوئے کئی اہم ٹائٹل کلبز کے نام کرنے میں اہم کردار کرتے رہے ہیں جن میں یوئیفا چیمپئنز لیگ، لالیگا، کوپا ڈیل رے اور اسپینش سپر کپ شامل ہیں۔

تاہم چھ مرتبہ 'بیلن ڈی اور' کے ونر رہنے والے میسی اب تک کوپا امریکہ اور عالمی کپ میں ٹیم کو کامیاب نہیں کرا سکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG