|
ویب ڈیسک — امریکہ کی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے طویل عرصے بعد ایک کم قیمت آئی فون لانچ کیا ہے جس کے کچھ فیچرز آئی فون 16 سیریز کی طرح ہیں۔
ایپل نے اس مرتبہ اپنے کم قیمت آئی فون کے لیے 'اسپیشل ایڈیشن' یعنی (ایس ای) کی برانڈنگ نہیں کی ہے۔ آئی فون ایس ای لائن اپ سال 2016 سے 2022 کے درمیان لانچ کی گئی تھی۔
کمپنی نے تین سال قبل اپنا آخری اسپیشل ایڈیشن آئی فون 'ایس ای تھرڈ جنریشن' لانچ کیا تھا جو ایک کم قیمت آئی فون تھا۔
ایپل نے بدھ کو لانچ کردہ نئے آئی فون کو '16 ای' کا نام دیا ہے۔نئے آئی فون 16 ای میں ایپل نے کیا فیچرز شامل کیے ہیں؟ آئیے جانتے ہیں۔
ایپل انٹیلی جینس
آئی فون 16 کی لائن اپ کی طرح اس کم قیمت آئی فون 16 ای میں بھی ایپل انٹیلی جینس کا فیچر شامل کیا ہے۔
اس فیچر میں آرٹیفیشل انٹیلی جینس کی مدد سے ٹیکسٹ کا خلاصہ، امیج جنریشن جیسے بہت سے کام باآسانی کیے جا سکتے ہیں۔
ڈسپلے اور بیٹری
آئی فون 16 ای کا اسکرین سائز بھی اپ گریڈ کیا گیا ہے اور اس میں تھرڈ جنریشن ایس ای ماڈل کے 4.7 انچ کے مقابلے میں 6.1 انچ کی اسکرین موجود ہے۔
کمپنی کے مطابق نئے آئی فون میں بڑی اور طاقت ور بیٹری لگائی گئی ہے جس میں 26 گھنٹے تک ویڈیو پلے بیک کی جا سکتی ہے۔
آئی فون 16 ای میں کمپنی نےفرنٹ پر نوچ ڈیزائن دیا ہے جو آئی فون 16 لائن اپ کے بجائے 13 سیریز کی طرح ہے۔لیکن کمپنی نے اس میں فیس آئی ڈی کا فیچر شامل کیا ہے۔
طاقت ور چپ اور کیمرہ
نئے موبائل میں آئی فون 16 کی طرح ایپل نے اے 18 چپ استعمال کی ہے جو اسے دیگر کم قیمت فونز کے مقابلے میں طاقت ور بناتی ہے۔
ایپل کا کہنا ہے کہ آئی فون 16 ای تھرڈ جنریشن آئی فون ایس ای سے 40 فی صد جب کہ آئی فون 11 سے 80 فی صد زیادہ تیز ہے۔
نئے آئی فون میں بیک پر 48 میگا پکسل کا سنگل کیمرہ موجود ہے جسے کمپنی نے 'ٹو ان ون' کیمرے کے طور پر بیان کیا ہے۔ اس کیمرے میں ٹو ایکس زوم کا فنکشن بھی موجود ہے۔
بیک کیمرے کی مدد سے 4k ویڈیوز بھی بنائی جا سکتی ہیں۔ آئی فون 16 ای میں فرنٹ کیمرہ 12 میگا پکسل کا ہے۔
ایپل نے اس نئے آئی فون میں پہلی مرتبہ اپنی تیار کردہ موڈیم چپ 'ایپل سی 1' کا بھی استعمال کیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس سے بہتر فائیو جی کینیکٹوٹی حاصل ہو سکے گی۔
ایکشن بٹن اور ٹائپ سی
کمپنی نے آئی فون 16 ای میں ایکشن بٹن شامل کیا ہے جسے کیمرہ اوپن کرنے، فلیش لائٹ کھولنے جیسے کاموں میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ایپل نے نئے آئی فون میں چارجنگ او دیگر استعمال کے لیے یو ایس بی سی کی پورٹ دی ہے۔
آئی فون 16 ای کی قیمت
اب بات کرتے ہیں اس نئے آئی فون 16 ای کی قیمت کی جو 16 لائن اپ کے مقابلے میں کم ہے۔ آئی فون 16 لائن اپ کی قیمت 799 ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔
لیکن نئے متعارف کردہ آئی فون 16 ای کے 128 جی بی ویریئنٹ کی قیمت 599 ڈالر یعنی لگ بھگ ایک لاکھ 67 ہزار پاکستانی روپے ہے۔
آئی فون 16 ای کے 256 جی بی کا ویریئنٹ 699 ڈالر یعنی ایک لاکھ 95 ہزار روپے جب کہ 512 جی بی کا ویریئنٹ 899 ڈالر یعنی دو لاکھ 51 ہزار روپے کا ہے۔
لیکن ایک اہم بات یہ وہ قیمت ہے جو کمپنی نے رکھی ہے۔ پاکستان میں اس فون میں سم استعمال کرنے کے لیے پی ٹی اے ٹیکس الگ سے ادا کرنا ہو گا جس کے بعد اس فون کی قیمت مزید بڑھ جائے گی۔
ایپل کے مطابق 21 فروری سے آئی فون 16 ای کو پری آرڈر کیا جا سکتا ہے جب کہ یہ 28 فروری سے دستیاب ہو گا۔