رسائی کے لنکس

اسٹیوجابز نے پیچیدہ ٹیکنالوجی کو آسان فہم بنادیا


اسٹیوجابز نے پیچیدہ ٹیکنالوجی کو آسان فہم بنادیا
اسٹیوجابز نے پیچیدہ ٹیکنالوجی کو آسان فہم بنادیا

گزشتہ دو دہائیوں میں ٹیکنالوجی کی دنیا میں آنے والے انقلابات میں سے ایک پیچیدہ ٹیکنالوجی کا اتنا عام فہم اور سستا ہونا ہے کہ اس کی خرید اور استعمال عام افراد کی پہنچ میں آگئی ہے۔ ٹیکنالو جی کی دنیا میں ایسا انقلاب برپا کرنے والے ایپل کمپنی کے سربراہ سٹیو جابز تو اب اس دنیا میں نہیں رہے مگر ان کی متعارف کرائی ہوئی مصنوعات بدستور لوگوں کی زندگیاں متاثر کررہی ہیں ۔

جل لیاہن ایک طالبہ ہیں اور ان کے پاس ایپل کی تمام مصنوعات موجود ہیں ۔ان کا کہناہے کہ میرے پاس آئی فون فور، آئی پاڈ ٹچ اور آئی میک ہے اور انہوں نے میری زندگی آسان بنادی ہے۔

ان کا کہناہے آئی فون کی وجہ سے ان کی زندگی بہت بہتر ہو گئی ہے۔ مگر سمارٹ فون ،ایم پی تھری پلیئریا ٹیبلٹ کمپیوٹرزایپل نے ایجاد نہیں کئے۔ یونیورسٹی آف سدرن کیلی فورنیا سے منسلک اینڈریو لی کہتے ہیں کہ ایپل نے عام لوگوں تک جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ایسی ایجادات کی رسائی ممکن بنائی ہے، جو ٹیکنالوجی کے ماہر نہیں ہیں ۔

ان کا کہناہے کہ میرے خیال میں ایپل ہی ہے ، جس نے حقیقی معنوں میں ایم تھری فلمو ں کو ڈاؤن لوڈ کرنا۔ یا ٹیبلٹ کمپیوٹر کی ٹیکنالوجی کا استعمال عام کیا ہے۔

ایپل کی یہی خصوصیت اسے دوسروں سے ممتاز کرتی ہے کہ اس نے ایسی مصنوعات ڈیزائن کیں ، جن کا استعمال آسان ہے اور جس کی وجہ سے دنیا بھر میں لوگ انہیں دوسرے برانڈز پر ترجیح دیتے ہیں۔

وہ کہتے ہیں کہ میرے خیال میں یہی ایپل کی مصنوعات کی خوبصورتی ہے جس کی وجہ سے صارفین انہیں پسند کرتے ہیں۔ انہیں استعمال کرنے کے لئے آپ کو کوئی سبق لینا نہیں پڑتا۔ آ پ انہیں اٹھائیں اور سب کچھ فطری طور پر ہوتا ہے۔ مگر سوچئے کہ آپ کو وہاں تک پہنچانے کے لئے انہیں کتنا وقت لگا ہوگا ۔تبھی زیادہ تر کمپنیاں ایپل کے فلسفے اور کام کے اخلاقی اصول اپنی مصنوعات کی تیاری میں اختیار نہیں کر سکیں ۔

اینڈریو ایپل کی ان مصنوعات کو لائف اسٹائل پراڈکٹس کہتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ایپل نے آسان استعمال والی مصنوعات بنانے کی روایت 70 کی دہائی میں کمپنی کا آغاز کے وقت ہی ڈال دی تھی۔

ان کا کہناہے کہ 70 کی دہائی میں جب ایپل مارکیٹ میں آیا تو اسے اصل کامیاب اسی لئے ہوئی کہ اس نے ذاتی کمپیوٹر کو بہت مناسب قیمت پر گھروں کے اندر پہنچایا۔

اگرچہ ایپل کی مصنوعات اسی طرح کی دوسری مصنوعا ت سے زیادہ مہنگی ہیں مگر یونیورسٹی آف کیلی فورنیا کی الزبتھ فائف کہتی ہیں کہ یہ کمپنی صارفین کو اپنی مصنوعات خریدنے کے لئے باآسانی مجبور کر دیتی ہے ۔

ان کا کہناہے کہ ایپل اس لحاظ سے منفرد ہے کہ یہ کمپنی اپنے برانڈز کے بارے میں لوگوں میں دلچسپی پیدا کر نے میں کامیاب رہتی ہے۔ نہ صرف آئی فونز اور ہیڈسیٹس بلکہ لیپ ٹاپس اور اس کی دوسری مصنوعات میں بھی ایسی صلاحیت ہے جو دوسروں کو اپنی جانب کھینچ لیتی ہے۔

ماہرین توقع رکھتے ہیں کہ ٹیکنالوجی کی دنیا میں انقلاب برپا کرنے والے اسٹیو جابز کے بعد بھی ان کی کمپنی کا نام آئندہ برسوںمیں صارفین کی پسند کی مصنوعات متعارف کرانے میں اہم سمجھا جاتا رہے گا۔

XS
SM
MD
LG