رسائی کے لنکس

چین: ہیکر گروپ کی مزید حملوں کی دھمکی


بدنامِ زمانہ بین الاقوامی ہیکر گروپ 'اینونیمس' نے چین میں انٹرنیٹ پر عائد پابندیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بطورِ احتجاج چینی حکومت کی ویب سائٹوں پر حملے جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

'اینونیمس – چائنا' سے منسلک ہیکر رواں ماہ اب تک چین کی سینکڑوں ویب سائٹوں کو انٹرنیٹ سے اڑا چکے ہیں یا انہیں بگاڑ چکے ہیں جب کہ گروپ نے کئی ویب سائٹوں سے معلومات چرانے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

گزشتہ ہفتے بھی گروپ نے لگ بھگ 500 چینی ویب سائٹیں ہیک کرلی تھیں جن میں شہری حکومتوں اور نجی کاروباری اداروں کے آن لائن صفحات سمیت کئی سرکاری ویب سائٹ بھی شامل تھیں۔

ہیک کی گئی ویب سائٹوں میں 'چینگڈو' کے صنعتی علاقے کی ویب سائٹ بھی شامل تھی جس پر ہیکروں نے یہ پیغام چھوڑا تھا، "عزیز چینی حکمرانوں! تم ناقابلِ زوال نہیں ہو۔ آج ویب سائٹیں ہیک کی گئی ہیں، کل تمہاری باری ہے"۔

برطانوی خبررساں ایجنسی 'رائٹرز' نے گروپ سے منسلک ایک ہیکر سے یہ بیان منسوب کیا ہے کہ 'اینونیمس – چائنا' 10 سے 12 افراد پر مشتمل گروپ ہے جس کے بیشتر افراد بیرونِ ملک مقیم ہیں۔

'رائٹرز' کے بقول ہیکر کا کہنا ہے کہ چینی ویب سائٹوں کو ہیک کرنے کے لیے گروپ کو سینکڑوں مترجموں کی خدمات حاصل ہیں۔

XS
SM
MD
LG