رسائی کے لنکس

پاکستانیوں کی محبت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں: اینگن التان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان میں ترکی کے ڈراموں کی نمائش کوئی نئی بات نہیں۔ ماضی میں بھی کئی ترک ڈرامے پیش کیے جاتے رہے ہیں لیکن جو شہرت 'ارطغرل غازی' کو مل رہی ہے، وہ بے مثال ہے۔

رواں سال کے ابتدائی مہینوں میں پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل 'پی ٹی وی ہوم' سے نشر ہونے والے ڈرامے 'ارطغرل غازی' کو پہلی ہی قسط سے عوامی پذیرائی ملنی شروع ہو گئی تھی اور آج یہ ڈرامہ شہرت کی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔

اس کی شہرت کا اندازہ اس سے بھی بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان کے عوام ترک فن کاروں کی پاکستان میں آمد کے منتظر ہیں۔

شہرت کے سبب ہی اس ڈرامے کے مختلف فن کاروں کو پاکستان سے ماڈلنگ اور تشہیری پراجیکٹس میں کام کرنے کی متعدد پیشکشیں ہو رہی ہیں۔

جن فن کاروں کی پاکستان میں آمد کا شدت سے انتظار کیا جا رہا ہے، اُن میں 'ارطغرل غازی' کا مرکزی کردار ادا کرنے والے فن کار 'اینگن التان' نمایاں ہیں۔

وائس آف امریکہ سے خصوصی انٹرویو میں اینگن التان کا کہنا تھا کہ "سراہا جانا کسی بھی فن کار کے لیے بہت خوش گوار تجربہ ہوتا ہے۔ میں اپنے بے شمار پاکستانی مداحوں کی محبت کو حد درجہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں اور ان کا احترام کرتا ہوں۔"

'پاکستانیوں کی محبت اور عزت کی قدر کرتا ہوں'
please wait

No media source currently available

0:00 0:03:11 0:00

'ارطغرل غازی' کی مقبولیت کا ذکر کرتے ہوئے اینگن التان نے کہا کہ بنیادی طور پر ڈرامے کی مقبولیت کی کئی وجوہات ہیں، جیسے فن کاروں کی شاندار پرفارمنس، متاثر کُن کہانی، بہترین ڈائریکشن اور پراجیکٹ سے وابستہ ہر فرد کی انتھک محنت اور کام سے لگن۔

اُن کے بقول ہر پراجیکٹ کی اپنی مشکلات اور مسائل ہوتے ہیں اور انہی مشکلات و مسائل پر قابو پانے کے بعد ہی اس کا صلہ ملتا ہے۔

اینگن نے کہا کہ وہ بخوبی آگاہ ہیں کہ 'ارطغرل غازی' کی مقبولیت کے بعد پرستاروں کی اُن سے وابستہ توقعات بڑھ گئی ہیں، اس لیے وہ کوشش کریں گے کہ پرستاروں کے معیار پر ہمیشہ پورا اُتریں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ نہ صرف جلد پاکستان جانے کے خواہش مند ہیں بلکہ پچھلے دنوں اسلام آباد میں ایک تعمیراتی پراجیکٹ کی تقریبِ رونمائی کے لیے وہ پاکستان جانے والے تھے لیکن پھر ایسی وجوہات آڑے آئیں جس کے سبب اُنہیں معاہدے سے الگ ہونا پڑا۔

وائس آف امریکہ کو بھیجے گئے اپنے ایک بیان میں اینگن نے کہا کہ وہ پاکستان کے عوام کی محبت سے بخوبی آگاہ ہیں، اس لیے مستقبل قریب میں کسی اور موقع پر پاکستان ضرور جائیں گے۔ اُن کے بقول وہ بھی پاکستان اور پاکستان کے عوام سے محبت کرتے ہیں۔

'ارطغرل غازی' کے فن کاروں نے پاکستان اور اس کے عوام سے اظہارِ محبت کے لیے ہی سوشل میڈیا کے ذریعے عید اور یومِ آزادی کے موقع پر اپنے پاکستانی پرستاروں کے لیے اردو میں پیغامات بھی بھیجے تھے جنہیں پاکستان کے عوام میں خوب پذیرائی ملی تھی۔

XS
SM
MD
LG