رسائی کے لنکس

کیا ارطغرل غازی کی حلیمہ 'پشاور زلمی' کی سفیر بنیں گی؟


ترک ڈرامے 'ارطغرل غازی' کی ہیروئن اسرا بلجیک (فائل فوٹو)
ترک ڈرامے 'ارطغرل غازی' کی ہیروئن اسرا بلجیک (فائل فوٹو)

ترک ڈرامے 'ارطغرل غازی' کی ہیروئن حلیمہ سلطان (اسرا بیلگیچ) کیا پشاور زلمی کی برانڈ ایمبیسیڈر بن جائیں گی؟ چند دنوں سے یہ سوال سوشل میڈیا پر گردش میں تھا تاہم اب خود اسرا نے اس کا عندیہ دیا ہے۔

اسرا نے اتوار کو اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ وہ پشاور زلمی کے حوالے سے جلد خوش خبری سنائیں گی۔ تاہم انہوں نے اس خوش خبری کی وضاحت نہیں کی۔

اس سے قبل وہ پاکستان کا دورہ کرنے اور وہاں ماڈلنگ کی بھی خواہش کا اظہار کر چکی ہیں۔

اسرا کی اتوار کو کی جانے والی ٹوئٹ کے جواب میں پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز 'پشاور زلمی' کے چیئرمین جاوید آفریدی نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

چند دن قبل جاوید آفریدی نے اپنی ایک ٹوئٹ کے ذریعے پشاور زلمی کے مداحوں سے سوال کیا تھا کہ اگر 'ارطغرل غازی' کی حلیمہ سلطان (اسرا بیلگیچ) زلمی کی ٹیم میں شامل ہو جائیں تو کیسا رہے گا؟

جاوید آفریدی کی ٹوئٹ کا بیشتر صارفین نے مثبت جواب دیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا تھا۔

ترکش ڈرامہ 'ارطغرل غازی' رواں برس اپریل سے قسط وار سرکاری ٹی وی 'پی ٹی وی' سے نشر کیا جا رہا ہے جسے پاکستانی ناظرین میں پذیرائی مل رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر بھی آئے روز اس ڈرامے اور اس کی کاسٹ کے متعلق کوئی نہ کوئی بحث ہوتی رہتی ہے۔

پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان پاکستان کے عوام سے اس ڈرامے کو دیکھنے کا کہہ چکے ہیں۔

خیال رہے کہ اسرا بیلگیچ 14 اکتوبر 1992 کو انقرہ میں پیدا ہوئیں۔ وہ بین الاقوامی تعلقات اور قانون کی اعلیٰ تعلیم حاصل کر چکی ہیں۔

تاریخی ڈرامے ارطغرل غازی کی کہانی سلطنت عثمانیہ کے دور سے تعلق رکھتی ہے اور اسرا اس ڈرامے میں حلیمہ سلطان کا رول ادا کر رہی ہیں۔ وہی اس ڈرامے کی ہیروئن ہیں۔

ڈراموں کے ساتھ ساتھ وہ فلموں میں بھی اداکاری کر چکی ہیں جب کہ انہوں نے 2017 میں قومی فٹ بال ٹیم کے کھلاڑی گوکھان تورے سے شادی کی لیکن یہ شادی دو سال ہی برقرار رہ سکی۔

اسرا بیلگیچ سوشل میڈیا سائٹس پر پاکستان آنے کا ارادہ ظاہر کر چکی ہیں۔ ان کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ وہ پاکستان کے سیاحتی مقامات کی سیر کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ البتہ اسرا بیلگیچ نے ابھی تک اپنی آمد سے متعلق کوئی تاریخ نہیں بتائی۔

اسرا بیلگیچ کو ڈراموں میں اداکاری کا شوق تھیٹر دیکھ پر پیدا ہوا تھا۔ وہ بہت چھوٹی عمر سے اپنی ایک قریبی رشتے دار کے ہمراہ تھیٹر ڈرامے دیکھنے جایا کرتی تھیں۔ کچھ بڑی ہوئیں تو انہوں نے اپنے شوق سے متعلق والدہ کو آگاہ کیا جنہوں نے اسرا بیلگیچ کی حوصلہ افزائی کی۔

ان کے بقول ان کی والدہ ہی انہیں اداکاری کے شعبے میں لانے کا سبب بنیں۔

اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اسرا بیلگیچ کے نے کہا کہ جب میں 8 سال کی تھی تو اپنی خالہ کے ساتھ تھیٹر دیکھنے جایا کرتی تھی۔ وہاں سے مجھ میں اداکاری کا شوق پیدا ہوا۔ جس کے بعد میری والدہ مجھے مقامی تھیٹرز کے ذریعے اداکاری کی طرف لانے کا ذریعہ بنیں۔

XS
SM
MD
LG