رسائی کے لنکس

امیتابھ بہترین اداکار، ڈی راما نائیڈو کو دادا صاحب پھالکے ایوارڈ دیا جائیگا


امیتابھ بچن فلم "پا" میں
امیتابھ بچن فلم "پا" میں

بھارت کے ستاونویں قومی فلم ایوارڈز اور دادا صاحب پھالکے ایوارڈ ز کی تقریب سجا ہی چاہتی ہے۔ رواں ماہ کی 22تاریخ کو بھارتی صدر پرتبہا پاٹل مہمان خصوصی ہوں گی اور وہ وہی جیتنے والوں میں انعامات بھی تقسیم کریں گی۔ یہ بھارت کے سب سے بڑے قومی فلمی ایوارڈز تصورکئے جاتے ہیں ۔ تقریب دہلی کے وگیان بھون میں منعقد ہوگی۔ تقریب میں گزشتہ سال ریلیز ہونے والی فلموں میں نمایاں کارکردگی انجام دینے والی شخصیات کو ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر ایوارڈز دیئے جائیں گے۔

سال دوہزار نو کے لئے دادا صاحب پھالکے ایوارڈ ڈی راما نائیڈو کو دیا جارہا ہے۔ ان کا تعلق ریاست آندھرا پردیش سے ہے۔ وہ نہایت تجربہ کار پروڈیسر ہیں اور انہیں بھارتی سنیما میں ناقابل فراموش خدمات کے عوض دادا صاحب پھالکے ایوارڈدیا جارہا ہے۔

قومی ایوارڈ کی یہ تقریب ایک ہی سال میں دوسری مرتبہ منعقد کی جارہی ہے کیوں کہ سال دوہزار آٹھ کے لئے ہونے والی تقریب عدالت میں دائر کیس کا فیصلہ آنے تک ملتوی کرنا پڑی تھی۔ بعد ازاں یہ تقریب رواں سال فروری میں ہوئی جبکہ اس ماہ ہونے والی تقریب سال دوہزار نو کی فلموں کے لئے ہے۔

ان ایوارڈ زمیں سونے کا بنا کنول کا پھول، دس لاکھ روپے نقد اور ایک اعزازی شال شامل ہوتی ہے۔ ایوارڈز کا فیصلہ اس مقصد کے لئے تشکیل دینے والی ایک کمیٹی کی سفارشات پر ہوتا ہے۔ کمیٹی سال بھر کے دوران ریلیز ہونے والی بہترینفلموں کو دیکھ کر اپنی سفارشات مرتب کرتی ہے۔

اطلاعات کے مطابق سال دوہزار نو کے بہترین اداکار کے لئے امیتابھ بچن کومنتخب کیا گیا ہے۔ انہیں یہ ایوارڈ فلم "پا" میں بہترین اداکاری کے لئے دیا جائے گا۔ بہترین اداکارہ کا ایوارڈ اننیا چٹرجی کو بنگالی فلم ابھوہامن میں شاندار اداکاری کرنے پر دیا جارہا ہے۔ سب سے مشہور فلم کا ایوارڈ راج کمار ہیرانی کو 'تھری ایڈیٹس' کے لئے دیا جارہا ہے۔

باقی کیٹیگریز کے لئے ایوارڈز جیتنے والوں کا اعلان تقریب میں کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG