رسائی کے لنکس

امریکہ: 'اے ایم سی' کا 400 سنیما دوبارہ کھولنے کا اعلان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

دنیا بھر میں کرونا وائرس کے سبب بند سنیما ہالز اب ایک مرتبہ پھر کھلنے لگے ہیں اور دنیا کی سب سے بڑی سنیما چین 'اے ایم سی انٹرٹینمنٹ ہولڈنگز' نے بھی امریکہ میں اپنے بیشتر سنیما کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

'اے ایم سی' کی انتظامیہ نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ 20 اگست سے فلم بینوں کے لیے امریکہ میں موجود اپنے دو تہائی سنیما ہالز کے دروازے کھول دے گی۔

​'اے ایم سی' کے امریکہ میں مجموعی طور پر 600 سے زائد سنیما ہیں جن میں سے لگ بھگ 400 کو احتیاطی تدابیر کو مدِ نظر رکھتے ہوئے عوام کے لیے کھولا جا رہا ہے۔

فلم بینوں کو دوبارہ سنیما آنے پر راغب کرنے کے لیے 'اے ایم سی' نے سنیما کھولنے کے پہلے روز ٹکٹ کی قیمت صرف 15 سینٹ مقرر کی ہے۔ کم قیمت پر ٹکٹوں کی فروخت کے لیے کمپنی نے تشہیری مہم بھی شروع کردی ہے جس کا مرکزی نعرہ "2020 میں فلم دیکھیے 1920 کی قیمت پر" ہے۔

کمپنی کے مطابق پہلے مرحلے میں امریکہ کے 100 سے زائد مقامات پر سنیما ہالز کھولے جائیں گے۔

اے ایم سی کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ ہفتوں میں مزید مقامات پر واقع اپنے دیگر سنیما بھی کھولنے کی تیاری کر رہی ہے۔

اس سے قبل بھی 'اے ایم سی' نے یکم جولائی سے امریکہ اور برطانیہ بھر میں اپنے سنیما ہالز کھولنے کا اعلان کیا تھا تاہم امریکہ میں کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے بعد ازاں کمپنی نے سنیما کھولنے کا فیصلہ مؤخر کردیا تھا۔

'اے ایم سی' نے اعلان کیا ہے کہ سنیما آنے والے فلم بینوں کے لیے ماسک پہننا لازمی ہوگا۔ تھیٹر میں تماشائیوں کی تعداد محدود رکھی جائے گی جب کہ سنیماؤں کے وینٹی لیشن سسٹم کو بھی اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے۔

'اے ایم سی' کرونا وائرس کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہونے والی نئی فلموں کی کمی پوری کرنے کے لیے متعدد پرانی فلموں کی نمائش کا بھی ارادہ رکھتی ہے جو صرف پانچ ڈالر کے ٹکٹ پر دیکھی جاسکیں گی۔

سنیما ہالز دوبارہ کھولے جانے کے حوالے سے 'اے ایم سی' کے چیف ایگزیکٹو افسر ایڈم ایرون کا کہنا ہے کہ ہمیں ایک مرتبہ پھر ان امریکی فلم بینوں کے لیے سنیماہالز کے دروازے کھولنے پر بہت خوشی ہے جو اپنے گھروں سے نکل کر فلم دیکھنے کے شدت سے منتظر تھے۔

XS
SM
MD
LG