’ایمبیسڈر ایٹ لارج‘ برائے بین الاقوامی آزادی مذہب، سام براؤن بیک فروری 21 سے 25 تک پاکستان اور متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے۔
امریکی محکمہٴ خارجہ کی خاتون ترجمان نے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ سفیر براؤن بیک کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے، جہاں وہ اعلیٰ پاکستانی اہلکاروں سے ملاقات کریں گے، جس دوران مذہبی آزادی کو فروغ دینے کے مواقع کے بارے میں بات چیت ہوگی۔
اسلام آباد کے بعد وہ ابو ظہبی جائیں گے، جہاں وہ مذہبی آزادی سے متعلق پہلے علاقائی وزارتی اجلاس کے انعقاد پر بات کریں گے۔ متحدہ عرب امارات کے توسط سے منعقدہ اس اجلاس کا عنوان ہوگا: ’شدت پسندی سے نبرد آزما ہونے کے لیے بین المذاہب رواداری کی تعلیم سے آگہی لازم ہے‘۔
اجلاس میں وسیع شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ماہرین شرکت کریں گے، جن میں سرکاری اہلکار، متمدن معاشرے کے نمائندے اور پیشہ ور ماہرین شامل ہوں گے۔
اس خطے اور دوسرے ممالک میں تمام عقائد کی تعلیم کی پذیرائی کے لیے، وہ تمام فریق سے ملاقات کریں گے جس دوران بہترین عملی طور طریقوں اور مذہبی آزادی کے نصاب کو فروغ دینے اور متعارف کرانے پر تبادلہٴ خیال ہوگا۔
عالمی سطح پر ہر سال 25 اکتوبر کو بین الاقوامی یوم مذہبی آزادی منایا جاتا ہے، جس دن امریکی محکمہٴ خارجہ آزادی مذہب سے متعلق اپنی سالانہ رپورٹ جاری کرتا ہے۔