رسائی کے لنکس

امپائر علیم ڈار نے اسٹیو بکنر کا ریکارڈ برابر کر دیا


اسٹیو بکنر اب تک واحد امپائر تھے جنہوں اپنے دو دہائیوں کے امپائرنگ کیریئر میں سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز میں امپائرنگ کی تھی۔
اسٹیو بکنر اب تک واحد امپائر تھے جنہوں اپنے دو دہائیوں کے امپائرنگ کیریئر میں سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز میں امپائرنگ کی تھی۔

انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ایلیٹ پینل میں شامل پاکستانی امپائر علیم ڈار نے ٹیسٹ کرکٹ کے سب سے زیادہ میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دینے کا اسٹیو بکنر کا ریکارڈ برابر کر دیا۔

پاکستان کے 51 سالہ علیم ڈار آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلی جا رہی ایشز سیریز کے دوسرے میچ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ جمعرات کو انہوں نے اپنے کیرئیر کے 128ویں ٹیسٹ میچ میں امپائرنگ کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ کے سب سے زیادہ میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دینے والے ویسٹ انڈیز کے سابق امپائر اسٹیو بکنر کا ریکارڈ برابر کیا۔

اسٹیو بکنر اب تک واحد امپائر تھے جنہوں نے 1989 سے 2009 کے درمیان اپنے امپائرنگ کیریئر میں سب سے زیادہ 128 ٹیسٹ میچز میں امپائرنگ کی تھی۔

اسٹیو بکنر کا ریکارڈ برابر کرنے والے علیم ڈار کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ اسٹیو بکنر اُن کے آئیڈیل ہیں۔ انہیں سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دینے کا ریکارڈ برابر کرنے پر فخر ہے۔

علیم ڈار کا کہنا ہے کہ اسٹیو بکنر اُن کے آئیڈیل ہیں۔
علیم ڈار کا کہنا ہے کہ اسٹیو بکنر اُن کے آئیڈیل ہیں۔

علیم ڈار نے کا مزید کہنا تھا کہ وہ آئی سی سی، پاکستان کرکٹ بورڈ سمیت اپنے قریبی ساتھیوں، کوچ اور کلب کے مشکور ہیں۔ انہوں نے اپنے اہل خانہ کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی مدد کے بغیر یہ اعزاز حاصل کرنا آسان نہیں تھا۔

یاد رہے کہ علیم ڈار نے 31 سال کی عمر میں باقاعدہ طور پر امپائرنگ کے فرائض انجام دیے اور پہلی مرتبہ سال 2000 میں گوجرانوالہ میں کھیلے جانے والے ون ڈے میچ میں امپائرنگ کی اور وہ 2003 سے آئی سی سی کے ورلڈ کپ میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیتے آرہے ہیں۔

آئی سی سی کے امپائرنگ ایلیٹ پینل میں شامل 12 امپائروں میں سے علیم ڈار سب سے سینئر ہیں، یہی نہیں اُن کا شمار ون ڈے کرکٹ کے سب سے زیادہ میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دینے والے تین امپائروں میں بھی ہوتا ہے۔

علیم ڈار امپائرنگ سے قبل ڈومسٹک کرکٹ بھی کھیلتے رہے ہیں اور اپنے کرکٹ کیریئر میں 17 فرسٹ کلاس میچز کھیل چکے ہیں۔ وہ الائیڈ بینک، گوجرانوالہ کرکٹ ایسوسی ایشن اور پاکستان ریلویز کی جانب سے کھیلتے رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG