رسائی کے لنکس

کرکٹ ورلڈ کپ کے امپائرز میں علیم ڈار بھی شامل


علیم ڈار ، اپنے ساتھی سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے
علیم ڈار ، اپنے ساتھی سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے عالمی کپ کرکٹ کے لیگ میچز کے لئے دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 22 امپائرز اور ریفریز کا اعلان کردیا ہے جن میں پاکستانی امپائر علیم ڈار بھی امپائرز میں شامل ہیں۔

ورلڈ کپ کے 48 میچوں کو 16 امپائرز اور 6 میچ ریفریز سپروائز کریں گے جن میں گذشتہ ورلڈ کپ مقابلوں کی فاتح ٹیموں کے ممبرز بھی شامل ہیں۔

ایونٹ کا افتتاحی میچ میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان اوول میں کھیلا جائے گا۔

ڈیوڈ بون اس میچ کے ریفری،کمار دھرما سینا اور بروس آکسنفورڈ فیلڈ امپائر جبکہ پال ریفل تھرڈ امپائر اور جوئل ولسن میچ کے چوتھے آفیشل ہوں گے۔

ڈیوڈ بون 1987ء میں ایلن بورڈر کی قیادت میں ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم، تھرما سینا 1996ء میں ارجنا رانا ٹنگا کی فاتح ٹیم جبکہ پال ریفل 1999ء میں اسٹیو وا کی کپتانی میں ٹائٹل اپنے نام کرنے والی آسٹریلوی ٹیم میں شامل تھے۔

سیمی فائنلز کے لئے امپائرز اور ریفریز کا اعلان لیگ میچز کے بعد کیا جائے گا۔

میچ ریفریز
کرس براڈ، ڈیوڈ بون، اینڈی پائی کرافٹ، جیف کرو، رنجن مدوگالے اور رچی رچرڈسن۔

امپائرز
علیم ڈار، کمار دھرما سینا، مرائس ایراسمس، کرس گیفنی، این گاؤلڈ، رچرڈ النگورتھ، رچرڈ کیٹل بورو، نائجیل لانگ، بروس آکسنفورڈ، سندرم روی، پال ریفیل، راڈ ٹکر، جوئیل ولسن، مائیکل گاؤ، روچیرا پالی یگوروگ اور پاؤل ولسن۔

کچھ علیم ڈار کے بارے میں

پاکستان سے تعلق رکھنے والے علیم ڈار کو سب سے زیادہ میچز میں امپائرنگ کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ وہ 332 سے زائد میچز کھلا چکے ہیں جن میں ٹیسٹ اور ایک روزہ بین الاقوامی میچز کی تعداد 100،100 سے بھی زیادہ ہے جبکہ وہ 40 سے زائد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں بھی امپائرنگ کرچکے ہیں۔

اس سے پہلے یہ اعزاز جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے روڈی کورٹنز کے پاس تھا جنہوں نے 331 میچوں میں امپائرنگ کی ہے۔

علیم ڈار کو 2002ء میں آئی سی سی نے اپنے امپائرز کے ایلیٹ پینل میں شامل کیا تھا۔

وہ 2009ء، 2010ء اور 2011ء میں سال کے بہترین امپائر کے ایوارڈز بھی حاصل کر چکے ہیں۔

2011ء میں ہی حکومت پاکستان نے انھیں تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا تھا۔

XS
SM
MD
LG