دارالحکومت موغادیشو میں ہفتے کی شام ایک کار بم دھماکہ ہوا جس میں صومالیہ کی سلامتی افواج کو نشانہ بنایا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق، دھماکے میں کم از کم دو افراد ہلاک جب کہ چھ زخمی ہوئے۔
ایک سکیورٹی اہل کار نے ’وائس آف امریکہ‘ کی صومالی سروس کو بتایا کہ بارود سے بھری ٹویوٹا کورولا کو ’بلو اسکائی ریستوران‘ کے باہر دھماکے سے اُڑا دیا گیا۔
ریستوران میں شہری آبادی کے ساتھ ساتھ سکیورٹی فورسز آتی جاتی ہیںٕ، جو ایک قریبی قیدخانے میں کام کرتے ہیں، جسے صومالیہ کا قومی انٹیلی جنس اور سکیورٹی کا ادارہ چلاتا ہے۔
حملے سے کچھ ہی دیر بعد، القاعدہ سے وابستہ الشباب دہشت گرد گروپ نے اس کی ذمہ داری قبول کی ہے، جس نے یہ بیان گروپ کے انکرپٹڈ ’ٹیلی گرام‘ پیغام رسانی کے پلیٹ فارم پر شائع کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ گروپ نے یہ حملہ محافظوں کو ہدف بنانے کے لیے کیا جو قریبی قیدخانے میں کام کرتے ہیں۔