رسائی کے لنکس

رونالڈو کے بعد کریم بینزیما بھی سعودی فٹ بال کلب میں شامل


کریم بینزیما نے سعودی عرب کے چیمپئن کلب' الاتحاد' کے ساتھ تین برس کے لیے معاہدہ کیا ہے۔
کریم بینزیما نے سعودی عرب کے چیمپئن کلب' الاتحاد' کے ساتھ تین برس کے لیے معاہدہ کیا ہے۔

فرانسیسی فٹ بالر کریم بینزیما سعودی عرب کے فٹ بال کلب 'الاتحاد' سے وابستہ ہو گئے ہیں۔فرانسیسی اسٹرائیکر نے حال ہی میں اسپین کے فٹ بال کلب 'ریال میڈرڈ' سے راہیں جدا کی تھیں۔

کریم بینزیما نے سعودی عرب کے چیمپئن کلب' الاتحاد' کے ساتھ تین برس کے لیے معاہدہ کیا ہے۔ وہ نو نمبر کی شرٹ پہن کر فیلڈ میں اتریں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کے کلب کی جانب سے اندازأ ، 10 کروڑ یوروز کے سالانہ معاہدے کی پیش کش کے بعد کریم بینزیما نے 'الاتحاد' کلب کے ساتھ نئے سفر کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔

الاتحاد کلب نے گزشتہ ماہ ہی سعودی عرب کی پروفیشنل لیگ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ کلب نے 2009 کے بعد پہلی بار ٹائٹل اپنے نام کیا ہے جب کہ مجموعی طور پر اس نے 14 بار یہ ٹائٹل حاصل کیاے۔

الاتحاد کلب کا حصہ بننے پر کریم بینزیما نے کہا کہ وہ ایک اور ملک میں نئی فٹ بال لیگ کا حصہ بننے پر کافی پر جوش ہیں۔

فرانسیسی فٹ بالر نے خود کو خوش قسمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کریئر میں کئی شاندار کامیابیاں حاصل کر چکے ہیں لیکن اب ایک نئے پروجیکٹ اور نئے چیلنج کے لیے یہ بالکل درست وقت ہے۔ وہ ایک نئی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملنے کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ نئی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ہمراہ سعودی عرب میں فٹ بال کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

کریم بینزیما 2009 میں فرانس کے فٹ بال کلب ’اولمپیک لیونیز‘ کو چھوڑ کر ریال میڈریڈ کا حصہ بنے تھے۔جس کے بعد وہ 14 برس تک اسپینش کلب کا حصہ رہے۔

سال 2018 میں دنیا کے مشہور کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو ریال میڈرڈ کو چھوڑ کے اٹلی کے فٹ بال کلب ’یوانٹس‘ کا حصہ بنے تو بینزیما کو اسپین کے کلب ریال میڈرڈ میں بطور اسٹرائیکر اپنا کردار ادا کرنے کا بھرپور موقع ملا۔

اس دوران ریال میڈرڈ نے یورپ کے فٹ بال کلبوں کی لیگ 'چیمپئنز لیگ' پانچ بار جب کہ چار بار اسپینش لیگ ’لالیگا‘ اپنے نام کی۔

بینزیما کے لیے ریال میڈرڈ کے ہمراہ سب سے بہترین سیزن 22-2021 تھا۔ اس دوران انہوں نے 44 گول داغے۔ اسی دوران کلب نے 14ویں بار چیمپئنز لیگ اپنے نام کی جب کہ لالیگا کا تاج بھی پہنا۔

کریم بینزیما کو 2021 میں چھ برس بعد فرانس کی قومی ٹیم میں واپس بلایا گیا تھا۔ انہیں 2015 میں 27 برس کی عمر میں اس وقت قومی ٹیم سے باہر کر دیا گیا تھا جب ان پر ایک ساتھی کھلاڑی میتھیو والبوآبا کی سیکس ٹیپ ریکارڈ کرنے اور اس کے ذریعے کھلاڑی کو بلیک میل کرنے کا الزام لگا یا گیاتھا۔

بینزیما نے گزشتہ برس دنیا کے بہترین فٹ بال کھلاڑی ہونے کا ایوارڈ 'بیلن ڈی اور' اپنے نام کیا تھا۔ اس کے بعد 35 سالہ کریم بینزیما نے مزید ایک برس اسپین کے کلب ریال میڈرڈ کے ساتھ گزار لیکن اس دوران انہیں کئی بار انجریز کا سامنا کرنا پڑا۔

انجریز کے باعث کریم بینزیما نومبر اور دسمبر 2022 میں قطر میں ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ میں اپنی قومی ٹیم کی نمائندگی سے بھی محروم رہے تھے۔

سعودی کلبز کی نامور فٹ بالرز کو پیش کش

واضح رہے کہ رواں برس کے آغاز میں پرتگال کے مشہور فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے بھی سعودی کلب ’النصر‘ کے ساتھ معاہدہ کیا تھا۔ انہوں نے امید ظاہر کی تھی کہ جلد ہی بہت سے دیگر مشہور کھلاڑی بھی سعودی لیگ کا حصہ بنیں گے۔

الاتحاد فٹبال کلب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بینزیما کی کلب میں شمولیت اس کی تاریخ میں َایک انتہائی مؤثر تبدیلی ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں میں دنیا کے کئی مشہور کھلاڑیوں سے سعودی عرب کے فٹ بال کلبوں نے رابطہ کیا ہے۔

گزشتہ ماہ فٹ بال ورلڈ کلب جیتنے والی ارجنٹائن کی ٹیم کے کپتان اور دنیا کے بہترین فٹ بالر قرار دیے جانے والے لیونل میسی سے بھی سعودی کلب ’الہلال‘ نے رابطہ کیا تھا۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق میسی نے الہلال کلب کی پیش کش کو ابھی قبول نہیں کیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق میسی کو سعودی کلب نے 40 کروڑ یوروز آفر کیے ہیں جو کرسٹیانو رونالڈو کے النصر سے ہونے والے معاہدے سے دو گنی رقم ہے۔

واضح رہے کہ ارجنٹائن فٹ بال اسٹار میسی اور ان کے فرینچ کلب پیری سان جرمین (پی ایس جی) کی راہیں گزشتہ ہفتے جدا ہو چکی ہیں۔

پی ایس جی نے سوشل میڈیا پر ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ وہ اگلے سیزن میں ان کا حصہ نہیں ہوں گے۔

اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ لیونل میسی مستقبل میں کس لیگ کا رخ کریں گے۔

اس رپورٹ میں خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ سے معلومات شامل کی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG