رسائی کے لنکس

مائیکروسافٹ پر بچوں کا غیر قانونی ڈیٹا اکھٹا کرنے پر دو کروڑ ڈالر جرمانہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی معروف کمپنی مائیکروسافٹ اپنے ایکس باکس پر ویڈیو گیمز کھیلنے والے بچوں کا ڈیٹا غیر قانونی طور پر اکھٹا کرنے کے الزامات کے تصفیے کے لیے دو کروڑ ڈالر جرمانہ ادا کرنے پر راضی ہو گئی ہے۔

امریکہ کے فیڈرل ٹریڈ کمشن (ایف ٹی سی) نے الزام لگایا تھا کہ مائیکروسافٹ نے اپنے ڈیجیٹل کنسول ایکس باکس پر ویڈیو گیمز کھیلنے والے بچوں کا ڈیٹا غیر قانونی طور پر اکھٹا کیا اور اسے اپنے پاس رکھا جب کہ ڈیٹا اکھٹا کرنے کے لیے والدین کی اجازت درکار تھی۔

فیڈرل ایجنسی ایف ٹی سی نے کہا ہے کہ مائیکروسافٹ نے والدین کو اطلاع دیے بغیر اور ان کی رضامندی حاصل کیے بغیر ایکس باکس پر ویڈیو گیمز کھیلنے والے بچوں کے بارے میں معلومات اکھٹی کیں۔

ایف ٹی سی کا کہنا ہے کہ بچوں کا ڈیٹا جمع کرنا اور اسے اپنے پاس رکھنا، فیڈرل ادارے کے بچوں سے متعلق آن لائن پرائیوسی پروٹیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔

ایکس باکس مائیکروسافٹ کمپنی کا معروف ڈیجیٹل کنسول ہے جس پر اس کی تیار کردہ ویڈیو گیمز آن لائن بھی کھیلی جا سکتی ہیں۔
ایکس باکس مائیکروسافٹ کمپنی کا معروف ڈیجیٹل کنسول ہے جس پر اس کی تیار کردہ ویڈیو گیمز آن لائن بھی کھیلی جا سکتی ہیں۔

مائیکروسافٹ کارپوریٹ کے ایکس باکس شعبے کے نائب صدر ڈیو مک کارتھی نے اپنے ایک بلاگ میں کہا ہے کہ کمپنی عمر کی تصدیق کے سلسلے میں اب اضافی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بلاگ میں مجوزہ اقدامات کا خاکہ بھی پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کمپنی یہ یقینی بنائے گی ایکس باکس کے لیے اکاؤنٹ کھولنے کے عمل میں بچوں کے والدین کو بھی شامل کیا جائے۔

بلاگ میں مزید کہا گیا ہے کہ سب سے اہم معاملہ عمر کی تصدیق کی ٹیکنالوجی کو بہتر بنانا اور بچوں اور ان کے والدین کو نجی معلومات کے مسائل کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔

مک کارتھی کا یہ بھی کہنا تھا کہ کمپنی نے ان تیکنکی خامیوں کا کھوج لگا کر انہیں درست کر دیا ہے جو قواعد پر پورے نہ اترنے والے بچوں کے اکاؤنٹ سسٹم سے نکالنے میں ناکامی کا سبب بنی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مائیکروسافٹ کی یہ پالیسی ہے کہ وہ ایکس باکس پر کھیلنے والوں کی جانب سے اکاؤنٹ کھولنے کے عمل کے دوران زیادہ سے زیادہ 14 روز تک ان کا ڈیٹا اپنے پاس محفوظ رکھتا ہے تاکہ اس دوران اکاؤنٹ کھولنے والا فرد ، اکاؤنٹ بنانے کے لیے درکار معلومات مہیا کر سکے اور اس سلسلے میں جس مقام پر اس نے اپنی معلومات کی فراہمی کا عمل روکا تھا، اسے وہیں سے دوبارہ شروع کر سکے۔

مائیکروسافٹ کمپنی اور فیڈرل ٹریڈ کمشن کے درمیان دو کروڑ جرمانے کا تصفیہ عدالت سے باہر ہوا ہے اور اس پر عمل درآمد کے لیے عدالت کی منظوری درکار ہو گی۔

(اس رپورٹ کے لیے کچھ معلومات ایسوسی ایٹڈ پریس سے لی گئیں ہیں)

XS
SM
MD
LG