اکشے کمار بالی ووڈ کے خوش قسمت اداکاروں میں سے ایک ہیں جن کی کرونا وائرس کی موجودگی کے باوجود ایک کے بعد ایک فلم یا تو ریلیز ہو رہی ہے یا وہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔
اس دیوالی کے موقع پر انہوں نے ایک اور نئی فلم 'رام سیتو' کا اعلان کر دیا ہے جو اُن کی ہوم پروڈکشن ہے۔
اس فلم کو ابھیشیک شرما ڈائریکٹ کریں گے جن کی نئی مزاحیہ فلم 'سورج پر منگل بھاری' لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد ریلیز ہونے والی پہلی فلم ہے۔
اکشے کمار نے نئی فلم کا اعلان دیوالی کے موقع پر کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے فلم کے دو پوسٹر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیے جب کہ اس حوالے سے ایک ٹوئٹ بھی کی ہے۔
ٹوئٹر پیغام میں اکشے کا کہنا تھا کہ 'رام سیتو' اس بڑے کام کو لے کر آگے جائے گی یہی ہماری عاجزانہ کوشش بھی ہے۔
فلم سے متعلق مزید معلومات کا انتظار ہے تاہم خبریں گردش میں ہیں کہ یہ ایکشن ایڈونچر ڈرامہ ہے جو روایات اور سچ کی آمیزش لیے ہوئے ہے۔
حال ہی میں اکشے کمار کی ایک فلم 'لکشمی' ریلیز ہوئی تھی جو نمایاں بزنس کرنے میں کامیاب رہی۔
اس کے علاوہ اُن کی ایک اور فلم 'بیل بوٹم' کا ٹیزر بھی رواں ہفتے ہی ریلیز ہوا ہے۔ اس تھرلر فلم میں انہوں نے ایک جاسوس کا کردار ادا کیا ہے۔
اکشے دو اور فلموں 'پرتھوی راج' اور 'اترنگی رے' میں کام کر رہے ہیں جب کہ روہت شیٹھی کی فلم 'سوریہ ونشی' ریلیز کے لیے تیار ہے۔
'سوریہ ونشی' میں ان کی ہیروئن کترینہ کیف ہیں جب کہ فلم دہشت گردی کے موضوع پر بنائی گئی ہے۔