رسائی کے لنکس

غزہ میں گھاٹ سے امداد کی ترسیل بحال، اقوام متحدہ کے اب بھی سیکیورٹی سے متعلق خدشات


 خان یونس میں امدادی سپلائیز کی قلت کے دوران ایک لڑکی ایک چیریٹی کچن میں خوراک کے انتظار میں بیٹھی ہے ، فوٹو رائٹرز ، 19 جون 2024
خان یونس میں امدادی سپلائیز کی قلت کے دوران ایک لڑکی ایک چیریٹی کچن میں خوراک کے انتظار میں بیٹھی ہے ، فوٹو رائٹرز ، 19 جون 2024
  • غزہ میں امریکہ کے تعمیر کردہ گھاٹ کے ذریعے امداد کی ترسیل دوبارہ شروع: دفاع سے متعلق عہدےدار
  • رسدیں پہنچ رہی ہیں لیکن سیکیورٹی خدشات کےباعث تقسیم دوبارہ شروع نہیں کی۔ ورلڈ فوڈ پروگرام۔
  • اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام نے 9 جون کو مقامی شراکت داروں کےلئے امداد کی تقسیم عارضی طور پر روک دی تھی ۔

دفاع سے متعلق ایک عہدے دار نے جمعرات کو وی او اے کو بتایا ہے کہ امریکہ کے تعمیر کردہ گھاٹ کو اس ہفتے کے آغاز میں ساحل سے دوبارہ جوڑنے کے بعد اس کے ذریعے سمندری راستے سے غزہ کےلیے امدادکی ترسیل دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔

امریکی فوج نےپچھلے ہفتے خراب موسم کی وجہ سے تیرتے ہوئے گھاٹ کو ساحل سے الگ کر کے اسرائیل کی اشدود بندرگاہ پر منتقل کر دیا تھا۔

اقوام متحدہ کے ترجمان فرحان حق کا کہنا ہے کہ اگرچہ اب رسد پہنچ رہی ہے لیکن اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام نے سیکیورٹی کے خدشات کے باعث غزہ کی پٹی میں امداد کی تقسیم دوبارہ شروع نہیں کی ہے۔

غزہ میں امداد کی ترسیل کے لئے، اقوام متحدہ نے آٹھ جون کو اسرائیل کی جانب سے یرغمالوں کو آزاد کرانے کی اس فوجی کارروائی کے بعد امریکہ کے تعمیر کردہ گھاٹ کے ذریعے امداد کی ترسیل کا کام روک دیا ہے جس دوران اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق ایک مہلک طور پر زخمی کمانڈو کو لیجانے کے لئے ایک اسرائیلی ہیلی کاپٹر گھاٹ کے نزدیک اترا تھا۔

اسرائیل اور امریکہ اس بات کی تردید کرتے ہیں کہ ایک ماہ پرانے اس گھاٹ کو کسی بھی اعتبار سے چار یرغمالوں کو آزاد کروانے والےاسرائیلی چھاپے میں استعمال کیا گیا تھا۔

اسرائیلی افواج نے اس کارروائی میں چار یرغمالوں کو چھڑایا تھا اور اس کارروائی کے دوران دو سو ستر سے زیادہ فلسطینی مارے گئےتھے۔

یرغمالوں کو چھڑانے کے لئے اسرائیلی چھاپے کے بعد غزہ میں امریکہ کے تعمیر کردہ گھاٹ کے لئے چیلنج پیدا ہو گیا ہے۔

اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام نے جو 230 ملین ڈالر کی لاگت سے تعمیر کردہ گھاٹ کے ذریعے گوداموں میں اور مقامی امدادی ٹیموں کو غزہ کے اندر تقسیم کے لیے امدادی سامان کی منتقلی کے لئے امریکہ کے ساتھ مل کر کام کرتا ہے،سیکیورٹی کا جائیزہ لینے کے دوران 9 جون کو مقامی شراکت داروں کےلئے امداد کی تقسیم عارضی طور پر روک دی تھی اس کے بعد سے ساحل سمندر پر امداد کا ڈھیر جمع ہو رہا ہے۔

اقوام متحدہ کے انسانی امور کے شعبے کے سربراہ مارٹن گرفتھس نے اس ہفتے اردن میں ایک ایک امدادی کانفرنس کے دوران نامہ نگاروں کو بتایا کہ اس بات کا تعین کہ اسرائیلی حملے میں ساحل یا گھاٹ کے ارد گرد کی سڑکوں کا غلط طور پر استعمال کیا گیا، مستقبل میں وہاں امدادی کاموں میں انسانی بنیادوں پر ملوث ہونے کو خطرے میں ڈال دے گا۔

ایجنسی کا کہنا تھا کہ امداد کا یہ سلسلہ اس کے بعد دوبارہ شروع ہو جائے گا جب سیکیورٹی کا جائزہ مکمل ہوجائے گا اور جب اقوام متحدہ کو یقین ہو جائے گا کہ اس کا عملہ اور شراکت دار محفوظ طریقے سے نقل وحرکت کر سکتا ہے ۔

گھاٹ کا بندو بست اس امداد کو بڑھانے کی کوشش کا حصہ ہے جس کے بارے میں انسانی ہمدردی کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور حماس کےدرمیان جاری جنگ کے دوران وہ فلسطینی شہریوں کے لیے انتہائی ناکافی ہے ۔

اسرائیلی انسپکشن پوائنٹس پر گاڑیوں کے طویل بیک اپ کی وجہ سے غزہ تک امداد پہنچنے میں سست روی کا سامنا رہا ہے ۔

حالیہ مہینوں میں امریکہ اور دوسرے ملکوں نے درجنوں بار غزہ میں خوراک کو فضائی ذریعے سے گرایا ہے ، لیکن یہ ائیر ڈراپس بہت کم موثر ہیں اور سمندر یا خشکی کے راستے تقسیم کرنے کے مقابلے میں بہت کم مقدار میں امداد فراہم کرتے ہیں۔

مئی کے وسط میں مکمل ہونے کے بعد، اس گھاٹ نے مئی کے آخر میں طوفانی موسم کی وجہ سے تباہ ہونے سے پہلے صرف چند روز تک کام کیا تھا۔ اس نقصان کے باعث اس کے ذریعے امداد کی ترسیل 8 جون تک روک دی گئی تھی ۔

امریکی سینٹرل کمانڈ نے پچھلے ہفتے گھاٹ کو ساحل سے دوبارہ الگ کر دیا تھا تاکہ اسے متوقع سمندری طوفانی لہروں سے بچانے کے لئے کوئی تازہ نقصان پہنچنے سے بچایا جا سکے۔

پینٹاگون کا کہنا ہے کہ گھاٹ کو ایک عارضی اقدام کے طور پر ڈیزائن کیا گیا تھا اور اس کے ذریعے غزہ میں 3,500 میٹرک ٹن امداد کی ترسیل کی اجازت دی تھی۔

فورم

XS
SM
MD
LG