برطانوی ملکہ الزیبتھ مختصر علالت کے بعد صحت یاب ہو کر واپس شاہی محل پہنچ گئیں ہیں۔ انھیں اتوار کے روز معدے کی سوزش اور پیٹ کے فلو میں مبتلا ہو جانے کے باعث 'کنگ ایڈورڈ ہسپتال' لندن میں داخل کرایا گیا تھا۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، مرکزی لندن میں واقع 'کنگ ایڈورڈ ہسپتال' میں ایک روز زیر علاج رہنے کے بعد ملکہ برطانیہ پیر کے روز اسپتال سے رخصت ہونے پر مسکراتی ہوئی نظر آئیں۔ اُنھوں نے اسپتال کے عملے کو ’گڈ بائے‘ کہا اور اپنی تیماردار نرس کا شکریہ بھی ادا کیا۔
'بکنگھم پیلس' کے ذرائع کی جانب سے جمعہ کے روز بتایا گیا تھا کہ ملکہ برطانیہ پیٹ کی تکلیف اور بخار میں مبتلا ہیں۔ لہذا، کسی بھی شاہی مصروفیت میں حصہ نہیں لے سکیں گی۔ لیکن، ملکہ کی صحت سے متعلق تشویش میں اس وقت اضافہ ہوا جب اتوار کے روز شاہی محل کی جانب سے یہ بیان سامنے آیا کہ ملکہ کو مرض میں شدت آجانے کے باعث لندن کے 'کنگ ایڈورڈ اسپتال'میں داخل کرا دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ یہ وہی اسپتال ہے جہاں تین ماہ قبل ملکہ برطانیہ کی بہو شہزادی کیتھرین حاملہ ہونے کے بعد شدید کمزوری کے باعث چند روز زیر علاج رہی تھیں۔
شاہی محل کے ذرائع کے مطابق ملکہ کو علاج سے افاقہ ہوا ہےاور اب وہ پہلے سے بہت بہتر محسوس کر رہی ہیں۔ تاہم، مکمل صحت یابی کے بعد ہی وہ شاہی مصروفیات میں حصہ لے سکیں گی۔ جبکہ، ملکہٴبرطانیہ کی ڈائری میں درج اس ہفتے کی تمام مصروفیات کو یا تو معطل کردیا گیا ہے یا پھر منسوخ کر دیا گیا ہے۔جبکہ، ان کا دورہ روم بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔
چھیاسی سالہ ملکہ برطانیہ کی صحت کے حوالے سے گذشتہ برس کئی بار خبریں آئیں مگر ایسا پہلی بار ہوا ہے جب انھیں مرض کی شدت کے باعث اسپتال میں داخل ہونا پڑا ہو۔ دس برس قبل، وہ گھٹنے کے ایک آپریشن کی غرض سے اسپتال میں داخل ہوئی تھیں۔