افغان فوجی ہیلی کاپٹر جس میں اعلیٰ عہدے دار سوار تھے، بدھ کی علی الصبح افغانستان کے مغربی صوبہٴ فرح میں گر کر تباہ ہوگیا، جس میں سوار کم از کم 25 افراد ہلاک ہوگئے۔
صوبائی حکومت کے ایک ترجمان نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ پرواز کے فوری بعد ہیلی کاپٹر سنگلاخ انار درہ ضلعے میں گرا، جس کے ہمسائے صوبہٴ ہرات کی سرحد ایران سے ملتی ہے۔
ناصر مہری نے اِس بات کی تصدیق کی ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں مغربی افغانستان کے معاون کور کمانڈر اور فرح صوبے کی کونسل کے سربراہ شامل ہیں۔ اُنھوں نے حادثے کی وجہ خراب موسم کو قرار دیا۔
طالبان نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر کو افغان نیشنل آرمی نے گولیاں مار کر گرایا، حالانکہ آزادانہ حلقوں سےباغیوں کے ان دعووں کی تصدیق ممکن نہیں ہے۔
ایک اور خبر کے مطابق، افغان حکام نے تصدیق کی ہے کہ علی الصبح کابل میں ملک کے سب سے بڑے قیدخانے کے داخلی دروازے پر خودکش دھماکہ ہوا جس میں کم از کم چھ افراد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوئے۔
فوری طور پر کسی نے حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔
بم حملہ آور نے پل چرخی جیل کی ایک بس کو ہدف بنایا، جس میں خواتین عملہ سوار تھا۔ کابل پولیس کے ترجمان باصر مجاہد نے بتایا ہے کہ دھماکہ اس مقام پر ہوا جو قومی دارالحکومت کے مشرقی حصے میں واقع ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں پولیس اہل کار اور شہری شامل ہیں۔