رسائی کے لنکس

افغانستان: خودکش بم دھماکوں میں دو اہلکار ہلاک سات زخمی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

کابل میں انٹیلی جنس ایجنسی کے دفتر پر حملے کی کوشش کرنے والے خودکش بمبار کو سکیورٹی اہلکاروں نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

افغانستان میں اتوار کو ہونے والے خودکش بم دھماکوں میں کم ازکم دو سکیورٹی اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔

مشرقی شہر جلال آباد میں ایک حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سکیورٹی کے زیر استعمال عمارت کے مرکزی دروازے سے ٹکرادی جس سے وہاں موجود دو اہلکار ہلاک ہوگئے۔

حملے سے عمارت کو بھی نقصان پہنچا ہے جب کہ تین افراد زخمی بھی ہوئے۔

طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

اس حملے سے کچھ دیر قبل مشرقی صوبے لوگر میں ایک شاہراہ پر خودکش بمبار نے اپنی گاڑی ایک چیک پوسٹ سے ٹکرا دی۔ حکام کے مطابق اس واقعے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

لوگر میں ہی اتوار کو علی الصبح ایک خودکش بمبار نے پولیس ہیڈ کوارٹر میں گھسنے کی کوشش کے دوران اپنے جسم سے بندھے بارودی مواد میں دھماکا کردیا۔ واقعے میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔

دریں اثناء کابل میں انٹیلی جنس ایجنسی کے دفتر پر حملے کی کوشش کرنے والے خودکش بمبار کو سکیورٹی اہلکاروں نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔
XS
SM
MD
LG