افغانستان میں تعینات نیٹو افواج نے کہا ہے کہ مشرقی افغانستان میں بدھ کو سڑک میں نصب بم پھٹنے سے پانچ غیر ملکی فوجی ہلاک ہوگئے۔
ہلاک ہونے والے فوجیوں کی قومیت کے بارے میں نہیں بتایا گیا اور بین الاقوامی افواج کا کہنا ہے کہ اس کی مزید تفصیلات مرنے والوں کے ملک سے ہی جاری ہوں گی۔
دریں اثناء مشرقی افغانستان میں پولیس حکام نے بتایا ہے کہ ایک خودکش بمبار کو اس کی کارروائی سے قبل ہی گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔
بدھ کو یہ واقعہ پاکستانی سرحد کے قریب واقع خوست شہر میں ایک بینک کے باہر پیش آیا۔
فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ حملہ آور بینک کو یا پھر اس کے قریب پولیس اسٹیشن کو نشانہ بنانا چاہتا تھا۔ پولیس دوسرے ممکنہ خودکش بمبار کو تلاش کررہی ہے جو وہاں سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگیا تھا۔
صوبہ خوست القاعدہ سے منسلک عسکریت پسند گروپ حقانی نیٹ کا ایک اہم گڑھ مانا جاتا ہے اور امریکی حکام اس گروپ پر افغانستان میں متعدد بڑی پرتشدد کارروائیوں کا الزام عائد کرتے ہیں۔