أفغانستان میں جمعرات کی رات کابل میں غیر ملکی فوجیوں کے قافلے پر ایک خودکش حملے میں کم ازکم 4 افراد ہلاک ہو گئے۔
ابتدائی خبروں میں بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں تین أفغان شہری شامل ہیں۔
نیٹو کے عہدے داروں نے کہا ہے کہ نیٹو مشن کا ایک فوجی بھی اس حملے میں مارا گیا۔
حملے کی زد میں آنے والے فوجی قافلے میں نیٹو اور أفغان حکومت کے فوجی دونوں شامل تھے۔
فوج کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حملہ آور نے، جس نے بارودی جیکٹ پہنی ہوئی تھی، خود کو فوجیوں کے قریب دھماکے سے اڑا دیا۔
نیٹو سے تعلق رکھنے والے پانچ فوجی اور ایک أفغان مترجم زخمی ہوئے جنہیں بگرام ایئرفیلڈ کے امریکی فوجی اسپتال پہنچا دیا گیا۔ ان کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جاتی ہے۔
ہلاک ہونے والے کسی بھی شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ اس حملے سے ایک دن پہلے صوبہ قندهار میں نیٹو کے ایک قافلے پر عسکریت پسندوں کے حملے میں دو امریکی فوجی ہلاک اور چار زخمی ہو گئے تھے۔