رسائی کے لنکس

افغان صدر اشرف غنی کا دورہ سعودی عرب


صدر اشرف غنی
صدر اشرف غنی

اشرف غنی نے شراکت اقتدار کے معاہدے کے تحت 29 ستمبر کو افغانستان کا منصب صدارت سنبھالا تھا۔

افغانستان کے صدر اشرف غنی احمدزئی اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر سعودی عرب پہنچے ہیں۔

ہفتہ کو جاری ہونے والے ایک سرکاری بیان کے مطابق صدر اس دورے میں عمرہ ادا کرنے کے علاوہ سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اشرف غنی نے شراکت اقتدار کے معاہدے کے تحت 29 ستمبر کو افغانستان کا منصب صدارت سنبھالا تھا۔

رواں سال ہونے والے صدارتی انتخاب کے پہلے مرحلے میں انھیں برتری حاصل ہوئی تھی لیکن حتمی فتح کے لیے درکار پچاس فیصد ووٹوں سے کم ہونے کی وجہ سے انتخابات کا دوسرا مرحلہ منعقد کیا گیا۔

لیکن ان کے قریبی حریف عبداللہ عبداللہ نے انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے انتخابی نتائج کو ماننے سے انکار کر دیا تھا۔ امریکہ کی مصالحت اور ووٹوں کی دوبارہ جانچ پڑتال کے بعد دونوں میں شراکت اقتدار کا معاہدہ طے پایا جس سے تحت اشرف غنی صدر اور عبداللہ عبداللہ ملک کے چیف ایگزیکٹو بنے۔

افغانستان کی تاریخ میں جمہوری انداز میں انتقال اقتدار کا یہ پہلا موقع تھا۔ 2001ء سے عہدہ صدارت پر فائز رہنے والے حامد کرزئی افغان آئین کے مطابق تیسری مدت کے لیے صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کے اہل نہیں تھے۔

صدر غنی کا 28 سے 31 اکتوبر تک چین کا دورہ طے ہے جہاں وہ اپنے چینی ہم منصب ژی جنپنگ کے علاوہ جنگ سے تباہ حال اپنے ملک کی تعمیر نو کے لیے سرمایہ کاروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

XS
SM
MD
LG