رسائی کے لنکس

افغانستان: مارٹر گولہ مسجد پر گرنے سے نو افراد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

حکام کے مطابق یہ واقعہ صوبہ وردگ میں پیش آیا جہاں طالبان شدت پسندوں اور افغان فورسز کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں، اور مسجد پر گرنے والا گولہ افغان سکیورٹی فورسز نے طالبان کی جانب داغا تھا جو مسجد پر جا گرا۔

افغانستان میں عہدیداروں کے مطابق ایک مارٹر گولہ جمعہ کو ایک مسجد پر گرنے سے نو شہری ہلاک جب کہ چھ زخمی ہو گئے۔

حکام کے مطابق یہ واقعہ صوبہ وردک میں پیش آیا جہاں طالبان شدت پسندوں اور افغان فورسز کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں، اور مسجد پر گرنے والا گولہ افغان سکیورٹی فورسز نے طالبان کی جانب داغا تھا جو مسجد پر جا گرا۔

حکام کے مطابق صوبہ غزنی میں بھی ایک راکٹ گھر پر گرنے سے نو بچوں سمیت 11 افراد زخمی ہو گئے، مبینہ طور پر راکٹ طالبان جنگجوؤں کی طرف سے داغا گیا۔

عہدیداروں کے مطابق تین بچوں کو شدید زخم آئے اور اُنھیں علاج کے لیے کابل کے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق افغانستان میں رواں سال کی پہلی ششماہی میں شہری ہلاکتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

افغانستان سے نیٹو افواج کے انخلاء کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں طالبان کی کارروائیوں میں تیزی آئی ہے اور موسم سرما کے آغاز کے باوجود افغانستان کے مختلف صوبوں میں لڑائی جاری ہے۔

گزشتہ سال کے اواخر میں افغانستان سے بیشتر نیٹو فوجی واپس چلے گئے تھے۔ تاہم اس ملک میں 2016ء کے اواخر تک 12 ہزار نیٹو فوجی تعینات رہیں گے جن میں اکثریت امریکی فوجیوں کی ہے۔

دریں اثنا افغانستان میں تعینات امریکی فوج نے جمعہ کو بتایا کہ افغان فوجیوں کے ساتھ مل کر اسپیشل فورسز نے ایک کارروائی کر کے طالبان کے قید خانے سے افغان فورسز کے 40 اہلکاروں کو بازیاب کروا لیا۔

بیان کے مطابق یہ کارروائی جمعرات کو صوبہ ہلمند کے ضلع نوزاد میں رات کے وقت کارروائی کی گئی جس میں ہیلی کاپٹر بھی استعمال کیے گئے۔

جن اہلکاروں کو بازیاب کروایا گیا اُن میں افغان پولیس، افغان نیشنل آرمی اور افغان بارڈر فورس کے اہلکار شامل ہیں۔

امریکی فوج کے بیان کے مطابق بازیاب کروائے گئے اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے افغان وزارت دفاع کے حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

طالبان کی طرف سے اپنے قید خانے پر امریکی اور افغان فورسز کی مشترکہ کارروائی کے بارے میں کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

طالبان نے چند ہفتے قبل نوزاد ضلع کا کنٹرول سنبھالا تھا جب کہ صوبہ ہلمند کے دو دیگر اضلاع میں بھی لڑائی کی اطلاعات ہیں۔

XS
SM
MD
LG