رسائی کے لنکس

افغانستان: مختلف واقعات میں غیر ملکی سمیت تین درجن افراد ہلاک


کابل میں اقوام متحدہ کی ایک گاڑی پر بم حملے کے بعد سیکیورٹی اہل کار موقع پر موجود ہیں۔ 24 نومبر 2019
کابل میں اقوام متحدہ کی ایک گاڑی پر بم حملے کے بعد سیکیورٹی اہل کار موقع پر موجود ہیں۔ 24 نومبر 2019

افغانستان میں سیکیورٹی سے منسلک متعدد واقعات میں تین درجن سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں جن میں کابل میں اقوام متحدہ کی ایک گاڑی پر کیا جانے والا مہلک حملہ بھی شامل ہے۔

عہدے داروں نے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں کئی عام شہری بھی شام ہیں۔ اقوام متحدہ نے اپنے ایک بیان میں حملے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندان سے اظہار افسوس کیا ہے۔

اپنے بیان میں اقوام متحدہ نے افغان حکام سے اپیل کی ہے کہ حملے کی تحقیقات کی جائے اور ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

افغان عہدے داروں نے اتوار کے روز بتایا کہ رات گئے وسطی صوبے دایکندی میں سیکیورٹی فورسز کی ایک چوکی پر جنگجو طالبان کے حملے میں 8 فوجی ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے۔

سینئر صوبائی عہدے داروں نے دعوی کیا ہے کہ اس لڑائی میں کم از کم 20 حملہ آور بھی مارے گئے۔ تاہم طالبان نے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے۔

ایک اور واقعہ میں مغربی صوبے فرح میں ڈاکٹروں اور رہائشیوں نے بتایا ہے کہ ایک فضائی حملے میں کم ازکم 9 عام شہری ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے۔

افغانستان کے ایک اہم مقامی نیوز چینل طلوع نے اتوار کے روز اپنی خبروں میں بتایا کہ فضائی حملوں میں ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں اور رشتے داروں نے نعشوں کو لے کر سڑکوں پر احتجاج کیا اور فضائی حملے کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

کابل میں وزارت داخلہ کے ایک ترجمان نصرت رحیمی نے بتایا کہ کابل کے مکروریان علاقے میں اقوام متحدہ کی ایک گاڑی پر ایک ہینڈ گرینیڈ پھینکا گیا جس کی زد میں آ کر ایک غیر ملکی شخص ہلاک اور پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ ترجمان نے مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی لیکن مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

میڈیا چینل طلوع نے فرح صوبے میں مظاہرین کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہفتے کی شام فضائی حملہ اس وقت ہوا جب ضلع پشت روڈ کی ایک مسجد سے لوگ نماز پڑھنے کے بعد باہر نکل رہے تھے۔

صوبائی عہدے داروں نے میڈیا چینلز کو بتایا کہ پشت روڈ اور ایک قریبی ضلع میں شورش پسندوں کے خلاف اپریشن کیا جا رہا ہے، تاہم وہ یہ تصدیق نہیں کر سکتے کہ اس آپریشن میں کسی عام شہری کی بھی ہلاکت ہوئی ہے۔

افغانستان میں عام شہری مسلسل جنگ کے نقصانات برداشت کر رہے ہیں۔ اقوام متحدہ نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ 2019 کے پہلے 9 مہینوں کے دوران تقریباً 2600 افغان شہری ہلاک اور 5600 سے زیادہ زخمی ہوئے۔

XS
SM
MD
LG