رسائی کے لنکس

خوست: نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکہ، کم از کم 26 ہلاک


فائل
فائل

افغانستان کے صوبہٴ خوست کے فوجی اڈے کے اندر واقع مسجد میں ہونے والے ایک خودکش حملے میں کم از کم26 افراد ہلاک، جب کہ 50 زخمی ہوئے۔ یہ بات صوبائی گورنر، حکم خان حبیبی نے بتائی ہے۔

’افغان نیشنل آرمی‘ کے ترجمان، کپتان عبداللہ نے بتایا ہے کہ دھماکہ نماز جمعہ کے دوران ہوا، جب عام دِنوں کے مقابلے میں نمازیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

افغان نیوز چینل، ’طلوع‘ نے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والے تمام اہل کاروں کا تعلق مندوزئی ضلعے کی ’افغان نیشنل آرمی‘ کی سیکنڈ رجمنٹ سے تھا۔

یہ طے کرنے کے لیے کہ دھماکہ کس قسم کا، چھان بین جاری ہے۔

اِس حملے سے دو ہی روز قبل کابل میں منعقدہ ایک مذہبی تقریب کے دوران ہونے والے خودکش حملے میں درجنوں افراد ہلاک ہوئے تھے۔

افغانستان کی سکیورٹی صورت حال رفتہ رفتہ بگڑتی جا رہی ہے، جب کہ اقوام متحدہ کے اعانتی دفتر برائے افغانستان نے اس سال جنوری سے جون تک کے عرصے کے دوران ہلاک و زخمی ہونے والے سولینز کی تعداد تقریباً 1700 بتائی ہے، جو کسی ایک ششماہی کے دوران سب سے بڑی تعداد ہے۔

اِسی ماہ، صدر اشرف غنی نے بتایا تھا کہ 2015ء کے آغاز سے اب تک افغان سکیورٹی سے تعلق رکھنے والے تقریبا ً 30000 اہل کار ہلاک ہو چکے ہیں، جب سے افغانوں نے ملک کی سکیورٹی کی ذمے داریاں سنبھالی ہیں، جو اس سے قبل نیٹو کے پاس تھی۔

XS
SM
MD
LG