رسائی کے لنکس

افغانستان: خودکش بم دھماکے میں غیر ملکی شہری ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

قائم مقام وزیر داخلہ کے بقول حملہ آور کی عمر 16 سے 17 سال کے درمیان تھی جس نے کپڑوں کے نیچے خودکش جیکٹ پہن رکھی تھی۔

افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ایک اسکول میں ہونے والے خودکش بم دھماکے میں ایک جرمن شہری ہلاک ہوگیا ہے۔

افغان حکام کے مطابق جمعرات کی شام کابل میں فرانسیسی امداد سے چلنے والے اسکول میں ایک اسٹیج ڈرامہ پیش کیا جا رہا تھا کہ اس دوران ایک خودکش بمبار نے اپنے جسم سے بندھے بارودی مواد میں دھماکا کردیا۔

قائم مقام وزیر داخلہ محمد ایوب سالانگی نے تصدیق کی ہے کہ ہلاک ہونے والا شخص جرمن شہری تھا جب کہ زخمیوں میں دس افغان شہری اور ایک صحافی بھی شامل ہے۔

ان کے بقول حملہ آور کی عمر 16 سے 17 سال کے درمیان تھی جس نے کپڑوں کے نیچے خودکش جیکٹ پہن رکھی تھی۔

قابل ذکر امر یہ ہے کہ اسٹیج ڈرامے کا موضوع خودکش دھماکے اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے متعلق تھا۔

جرمنی کے وزیرخارجہ فرینک والٹر نے دھماکے کو "بزدلانہ حملہ" قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے لیکن انھوں نے یہ تصدیق نہیں کی کہ مرنے والا شخص جرمن شہری تھا۔

فرانس کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ زخمیوں میں کوئی بھی فرانسیسی شہری شامل نہیں۔

طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکول میں دیکھایا جانے والا ڈرامہ ان کے بقول "غیر اخلاقی" تھا۔

کابل میں ایک ہی روز ہونے والا یہ دوسرا پرتشدد واقعہ تھا۔

جمعرات کی صبح کابل کے نواح میں ایک خودکش بم دھماکے میں چھ افغان فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG