رسائی کے لنکس

کرنسی کا افغان تاجر پشاور میں قتل


فائل
فائل

مقتول تاجر کا تعلق شینواری قبیلے سے تھا جو پاک افغان سرحد کے دونوں جانب آباد ہے

افغانستان سے تعلق رکھنے والے ایک مشہور تاجر اور کاروباری شخصیت حاجی ہنر کو پشاور میں نامعلوم افراد نے قتل کردیا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق حاجی ہنر کو اتوار کی شام موٹر سائیکل پر سوار مسلح حملہ آوروں نے اس وقت گولیاں مار کر ہلاک کردیا جب وہ پشاور کے تجارتی علاقے حیات آباد (کارخانو مارکیٹ) میں موجود تھے۔

فائرنگ سے حاجی ہنر موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب رہے۔

مقتول تاجر کا تعلق شینواری قبیلے سے تھا جو پاک افغان سرحد کے دونوں جانب آباد ہے اور وہ گزشتہ کئی برسوں سے افغانستان سے متصل پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی کے سرحدی قصبے لنڈی کوتل میں رہائش پذیر تھے۔

حاجی ہنر کا آبائی علاقہ افغان صوبے ننگرہار کا ضلع دور بابا تھا جو پچھلے کئی برسوں سے داعش سے منسلک دہشت گردوں کا مضبوط گڑھ ہے۔

حاجی ہنر افغان تجارتی اور کاروباری حلقوں میں خاصے معروف تھے اور کرنسی کی تجارت کا ان کا کاروبار پشاور اور کابل کے علاوہ کئی دیگر ممالک تک پھیلا ہوا تھا۔

پاکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقے میں اس سے قبل بھی کئی تجارتی اور کاروباری شخصیات بالخصوص علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر کرنسی کے کاروبار سے منسلک افراد کو نہ صرف تاوان کی ادائیگی کے لیے اغوا کیا جاتا رہا ہے بلکہ ان میں سے کئی ایک کو مزاحمت یا تاوان کی ادائیگی سے انکار پر قتل بھی کیا جاچکا ہے۔

XS
SM
MD
LG