رسائی کے لنکس

بھارتی پائلٹ ابھینندن کو 'ویرچکر' ایوارڈ: ٹوئٹر پر صارفین کے دلچسپ تبصرے


بھارت نے پاکستان کے ساتھ فضائی معرکے میں ''جرأت کا مظاہرہ'' کرنے پر اپنے سابق ونگ کمانڈر اور موجودہ گروپ کیپٹن ابھینندن ورتھمن کو ملک کے تیسرے بڑے ملٹری ایوارڈ 'ویرچکر' سے نوازا ہے۔

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں پیر کو راشٹرپتی بھون (ایوانِ صدر) میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں بھارت کے صدر رام ناتھ کووند نے پائلٹ ابھینندن کو فروری 2019 کو پیش آنے والے واقعے پر 'ویرچکر' ایوارڈ سے نوازا۔

بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی اور وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ بھی اس تقریب میں موجود تھے۔

ویرچکر بھارت کا تیسرا بڑا ملٹری ایوارڈ ہے جو میدانِ جنگ میں دشمن کی موجودگی میں جرأت کا مظاہرہ کرنے پر دیا جاتا ہے۔ بھارت کا سب سے بڑا ملٹری ایوارڈ 'پرم ویر چکر' ہے اور 'مہاویرچکر' دوسرا بڑا ایوارڈ ہے۔

بھارت کے صدر کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ابھینندن کو ایوارڈ دینے کی تصویر بھی ٹوئٹ کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ابھینندن نے ہمت کا مظاہرہ کیا اور دشمن کے سامنے اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے نمایاں بہادری دکھائی۔

واضح رہے کہ بھارت نے اگست 2019 میں ہی ابھینندن کو ویرچکر دینے کا اعلان کیا تھا۔

بھارت کا دعویٰ ہے کہ ابھینندن نے 27 فروری 2019 کو ہونے والی فضائی جھڑپ میں پاکستان کا ایف-16 جنگی طیارہ مار گرایا تھا۔ البتہ پاکستان اس دعوے کی تردید کرتا ہے۔

ڈھائی سال قبل 27 فروری 2019 کو پاکستان اور بھارت کی فضائیہ کے درمیان یہ جھڑپ کشمیر میں ہوئی تھی۔ پاکستان دعویٰ کرتا ہے کہ اس نے اس جھڑپ میں بھارت کے دو طیارے مار گرائے تھے جن میں سے ایک ابھینندن اڑا رہے تھے۔

البتہ پاکستان کی حدود میں بھارت کے ایک 'مِگ 21' طیارے کا ملبہ ملا تھا جس کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھینندن ورتھمن پاکستانی فوج کی حراست میں آ گئے تھے جب کہ دوسرے طیارے کے تباہ ہونے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی تھی۔

پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت ابھینندن کو گرفتاری کے چند ہی روز بعد یکم مارچ 2019 کو واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کر دیا تھا۔

ابھینندن کو 'ویرچکر' ایوارڈ دیے جانے پر پاکستانی و بھارتی ٹوئٹر صارفین آمنے سامنے ہیں۔ پاکستانی ابھینندن کو ایوارڈ دینے پر طنزیہ تبصرے کر رہے ہیں تو بھارتی صارفین بھی جواب دینے میں پیچھے نہیں۔

نعمان باچا نامی ایک پاکستانی صارف نے طنز کیا کہ ابھینندن کو ایوارڈ دراصل پاکستان سے "بہترین چائے" لانے پر دیا گیا ہے۔ جواباً پی آر نامی ایک اکاؤنٹ نے 1971 میں پاکستانی فوج کے ہتھیار ڈالنے کی ایک تصویر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ چائے ایک نہیں 93 ہزار تھیں جن کا ادھار آپ کبھی نہیں چکا سکتے۔

عبدالحنان نامی صارف نے لکھا کہ ایوارڈ کیا تھپڑ کھانے پر مل رہا ہے؟ تو 'اے جے' کے نام سے ایک اکاؤنٹ نے پاکستان کے سابق اسپیکر قومی اسمبلی کی ایک ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پیر کانپنے پر دیا ہے۔

XS
SM
MD
LG