بھارت کی فضائیہ کے سربراہ راکیش کمار بھڈوریا نے اعتراف کیا ہے کہ 27 فروری 2019 کو بڈگام میں تباہ ہونے والا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر 'انڈین ایئر فورس' کے میزائل سے ہی تباہ ہوا تھا۔
بھارتی نیوز چینل ‘انڈیا ٹو ڈے’ کے مطابق جمعے کو پریس کانفرنس کے دوران فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ 27 فروری کے واقعے سے متعلق تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں، جس کے مطابق یہ ہماری غلطی تھی کہ ہمارے ہی میزائل نے اپنے ہی ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنایا۔
اُن کے بقول، اس واقعے کے ذمہ دار دو افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ بھارت نے 26 فروری کو پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے علاقے بالاکوٹ میں مبینہ دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا، جس کے اگلے ہی روز پاکستان کی فضائیہ نے کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے دو طیارے مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔
پاکستان کی اس کارروائی کے دوران ایک بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو بھی حراست میں لیا گیا تھا جسے بعدازاں واہگہ کے راستے بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا۔
ستائیس فروری کو پاکستان اور بھارتی فضائیہ کی فضائی جھڑپ کے دوران ایک بھارتی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی تھیں، جس میں چھ اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔
ایئر چیف راکیش کمار بھڈوریا نے جمعے کو اعتراف کیا کہ بھارتی فوجیوں کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر بھارتی فضائیہ کے میزائل سے تباہ ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وہ تسلیم کرتے ہیں کہ یہ ایک بڑی غلطی تھی اور وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ آئندہ ایسا نہ ہو۔
'اںڈیا ٹو ڈے' کے مطابق، اس سے قبل یہ اطلاعات تھیں کہ مذکورہ حادثے سے متعلق تحقیقات میں پانچ افسران قصور وار پائے گئے تھے۔
بھارتی اخبار ‘دی ہندو’ کے مطابق ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کو زمین سے فضا میں ہدف کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی ساختہ 'اسپائیڈر' میزائل کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا۔
دفاعی ذرائع کے حوالے سے 'دی ہندو' نے دعویٰ کیا تھا کہ اس حادثے کے چار افسران ذمہ دار تھے، جن میں ایک گروپ کیپٹن بھی شامل تھا۔
پاک بھارت کشیدگی کا پس منظر
بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے پلوامہ میں سکیورٹی فورسز پر فروری کے وسط میں ہونے والے حملے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی شدت اختیار کر گئی تھی۔
بھارت نے 26 فروری کو بالاکوٹ میں بم گرائے اسے سرجیکل اسٹرائیک کا نام دیتے ہوئے اس کارروائی میں سیکڑوں دہشت گردوں کے مارے جانے کا دعویٰ کیا۔ تاہم، پاکستان نے اس دعوے کی تردید کی اور غیر ملکی میڈیا کو بھی جائے وقوعہ کا دورہ کرایا۔
پاکستان نے بھارت کی کارروائی کا جواب دیتے ہوئے 27 فروری کو دو بھارتی طیاروں کو مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا، جس میں سے ایک کا ملبہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں جبکہ دوسرے کا ملبہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں گرا۔