رسائی کے لنکس

عدم برداشت پر اظہار خیال، عامر خان تنقید کی زد میں


بھارت اور پاکستان کے میڈیا نے بھی عامر خان کے اس بیان کو شہ سرخیوں میں جگہ دی اور تقریباً 24 گھنٹوں کے دوران پیش ہونے والا کوئی نیوز بلیٹن ایسا نہیں جس میں اس بیان کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال پیش نہ کی جاتی رہی ہو

کراچی …بالی وڈ کے ’مسٹر پرفیکٹ‘، عامر خان بغیر لگی لپٹی رکھے اپنے خیالات کے اظہار کے لئے مشہور ہیں۔ایسا ہی انہوں نے گزشتہ روز اپنے ایک انٹرویو میں اس وقت کیا جب عدم برداشت کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا:

’حالیہ مہینوں میں عدم برداشت کے حوالے سے صورتحال تبدیل ہوئی ہے۔ اب تو نوبت یہاں تک آن پہنچی ہے کہ میری بیوی اپنے بچوں کے بہتر اور محفوظ مستقبل کے لئے کسی اور ملک جا بسنے کی بات کرتی ہے۔‘

بھارت اور پاکستا ن کے میڈیا نے بھی عامر خان کے اس بیان کو شہ سرخیوں میں جگہ دی اور تقریباً 24 گھنٹوں کے دوران پیش ہونے والا کوئی نیوز بلیٹن ایسا نہیں جس میں اس بیان کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال پیش نہ کی جاتی رہی ہو۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس بیان نے بھارت کے کئی شہروں میں ہلچل مچادی ہے جبکہ خود عامر خان یہ بیان دے کر سخت تنقید کی زد میں آگئے ہیں۔ مذہب کے حوالے سے سخت مؤقف رکھنے والی کئی تنظیموں اور رہنماو ں نے منگل کو پٹنہ، الہ آباد اور دیگر شہروں میں مظاہرے کئے۔

ان مظاہروں کے دوران، عامرخان کے پوسٹرز اور پتلے نذر آتش کئے جانے کی بھی اطلاعات ہیں جبکہ ممبئی میں مظاہرین نے عامر خان کے گھر کا گھیراوٴ بھی کیا۔

عامر خان کی رہائش گاہ پر سیکورٹی سخت کردی گئی ہے جبکہ نئی دلی میں عامر خان کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کے لئے بھی درخواست دائر کردی گئی ہے۔

بھارتی چینل ’این ڈی ٹی وی‘، ’سی این این آئی بی این‘ میں جاری بیان میں عامر خان کے ترجمان کا کہنا تھا کہ عامر خان اپنی شوٹنگ اور دیگر مصروفیات معمول کے مطابق جاری رکھیں گے۔

سوشل میڈیا پر حامی اور مخالفین کے درمیان لفظی جنگ شروع
عامر خان کا بیان سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر عامرکے حامی اورمخالفین میں لفظوں کی جنگ چھڑ گئی۔ عامرخان کے ساتھ متعدد فلموں میں کام کرنے والے انوپم کھیر نے ’ٹوئیٹر‘ پر فوری ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے ’عامرخان کوعامرخان بھارت نے بنایا۔ عامراپنی بیوی سے پوچھیں وہ کون سے ملک جانا پسند کریں گی۔‘

ڈائریکٹر رام گوپال ورما نے بھی کچھ ایسے ہی خیالات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے ’بھارت کے برداشت کا اس سے بڑا ثبوت اور کیا ہوگا کہ بالی وڈ کے تینوں سپر اسٹارز عامر خان، سلمان خان اور شاہ رخ خان مسلمان ہیں۔‘

پریش راول نے بھی عامر کو ہدف تنقید بنانے کے لئے ٹوئٹر کا سہارا لیا۔ان کا کہنا تھا ’ملک دھرتی ماں ہوتی ہے اس کو چھوڑ کر جانے کی بات وہ کرتے ہیں جو ایسا نہیں سمجھتے۔ عامر فائٹر ہیں انہیں ملک میں رہ کر حالات سدھارنے کی کوشش کرنی چاہئے۔‘

روینہ ٹنڈن اور دیگر ستاروں نے بھی عامر خان پر تنقید کی جبکہ رشی کپور نے عامرخان کی حمایت میں آواز بلند کی۔

نئی دلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا ’عامرخان نے جو کہا سچ کہا‘؛ جبکہ کانگریس کے رہنما راہول گاندھی کا کہنا تھا: ’حکومت کو عامر پر تنقید کے بجائے حالات کو بہتر بنانا چاہئے۔‘

بھارتیہ جنتا پارٹی کے ترجمان، شاہ نواز حسین نے پریس کانفرنس میں عامرخان کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’عامرخان کو بھارت نے بہت کچھ دیا ہے۔ عامر کو بھارت جیسا ملک کوئی نہیں ملے گا، جس نے انہیں عزت، شہرت اور دولت دی۔‘

XS
SM
MD
LG