رسائی کے لنکس

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی شکست؛ بھارتی کشمیر میں مداح ہارٹ اٹیک سے ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دبئی میں کھیلا گیا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل دیکھتے ہوئے بھارتی کشمیر میں ایک مداح کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا۔

سیمی فائنل میں پاکستان کی شکست پر بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کے کرکٹ شائقین کی ایک بڑی تعداد میں مایوسی پھیل گئی۔ کئی لوگوں نے سوشل میڈیا پر بھی دکھ اور مایوسی کا اظہار کیا۔

دارالحکومت سرینگر کے مضافات میں واقع علاقے کاوؤسہ خالصہ کے 36 سالہ شہری ریاض احمد وانی کو ٹیلی وژن پر میچ دیکھنے کے دوران دل کا دورہ پڑ گیا۔

’پاکستان میچ ہارنے لگا چہرہ زرد پڑ گیا‘

متوفی ریاض احمد وانی کے ایک پڑوسی نے وائس آف امریکہ کو فون پر بتایا کہ ریاض کی اہلیہ کے مطابق جب آسٹریلیا کے بلے باز اپنی باری کے دسویں اوور کے دوران جارحانہ کھیل کھیلنے لگے تو ان کے شوہر کی طبیعت خراب ہونا شروع ہو گئی۔

ریاض کی اہلیہ کے مطابق میچ میں پاکستان کی شکست کے خدشے سے ان کے شوہر کا چہرہ زرد پڑ گیا۔ اُن پر غشی طاری ہونے لگی اور انہوں نے سینے میں شدید درد کی شکایت کی۔

دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہونے والا ٹیکسی ڈرائیور ریاض وانی۔
دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہونے والا ٹیکسی ڈرائیور ریاض وانی۔

’ہماری دنیا لُٹ گئی ہے‘

ریاض کے چھوٹے بھائی اور بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں کرکٹ کے معروف کھلاڑی وسیم احمد وانی عرف وسیم کاژرو نے بتایا کہ وہ انہیں فوری طور پر سرینگر کے شیرِ کشمیر میڈیکل کالج اسپتال لے گئے البتہ وہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔

وسیم کاژرو کا کہنا تھا کہ وہ اس کے علاوہ کچھ نہیں کہہ سکتے کہ ان کی دنیا لٹ گئی ہے۔

ریاض احمد وانی ایک ٹیکسی ڈرائیور تھے۔ وہ تین بچوں کے والد تھے۔

اہل خانہ کے مطابق وہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے بڑے مداح تھے۔ وہ جسمانی طور پر چاق و چوبند تھے اور انہیں کوئی عارضہ نہیں تھا۔

گزشتہ ماہ جب ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ایک ابتدائی میچ میں پاکستان نے بھارت کو شکست دی تھی تو نئی دہلی کے زیرِ انتظام کشمیر میں پاکستان کی کامیابی پر جشن منانے والے طلبہ اور بعض دوسرے شہریوں کے خلاف سخت گیر قوانین کے تحت کارروائی کی گئی تھی۔

اس کے علاوہ ایک میڈیکل کالج میں کام کرنے والی آپریشن تھیٹر ٹیکنیشن صفیہ مجید کو واٹس ایپ پر ایک ایسی ویڈیو اپ لوڈ کرنے پر نوکری سے برطرف کر دیا گیا تھا جس میں بعض کرکٹ شائقین کو پاکستان کی کامیابی پر جشن مناتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا۔

  • 16x9 Image

    یوسف جمیل

    یوسف جمیل 2002 میں وائس آف امریکہ سے وابستہ ہونے سے قبل بھارت میں بی بی سی اور کئی دوسرے بین الاقوامی میڈیا اداروں کے نامہ نگار کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں۔ انہیں ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں اب تک تقریباً 20 مقامی، قومی اور بین الاقوامی ایوارڈز سے نوازا جاچکا ہے جن میں کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کی طرف سے 1996 میں دیا گیا انٹرنیشنل پریس فریڈم ایوارڈ بھی شامل ہے۔

XS
SM
MD
LG