رسائی کے لنکس

ورلڈ کپ میں پاکستان کا بائیکاٹ کیا جائے: ہربھجن سنگھ


بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ (فائل فوٹو)
بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ (فائل فوٹو)

بھارتی اسپنر ہربھجن سنگھ نے اپنے ملک کو رواں سال جون میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کا بائیکاٹ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

ہربھجن کا یہ بیان گزشتہ ہفتے بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ہونے والے حملے کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ حملے میں لگ بھگ 50 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

بھارت نے اس حملے کا الزام پاکستان پر لگایا ہے لیکن پاکستان نے اس الزام کی سختی سے تردید کی ہے۔

اس حملے کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے اور بھارت میں پاکستان کے خلاف جذبات عروج پر ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ نے کہا ہے کہ "صرف کرکٹ کی حد تک نہیں، پاکستان سے کسی بھی سطح پر تعلقات کی ضرورت نہیں۔"

پیر کی شب ایک بھارتی ٹی وی چینل سے گفتگو میں ہربھجن کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت کو عالمی کرکٹ کپ میں 16 جون کو پاکستان سے ہونے والا میچ نہیں کھیلنا چاہیے۔

ان کے بقول "ہم سب کے لیے ملک پہلے ہے۔ ہم سب اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔"

ہربھجن سنگھ کو 417 ٹیسٹ وکٹ لینے کا اعزاز حاصل ہے۔ وہ یہ اعزاز رکھنے والے دنیا کے دوسرے آف اسپنر ہیں۔

انہوں نے آخری ٹیسٹ 2015ء میں کھیلا تھا لیکن وہ اب بھی باقاعدگی کے ساتھ انڈین پریمیئر لیگ کھیلتے ہیں۔

اپنے انٹرویو کے دوران ہربھجن نے پاکستان پر سرحد پار سے دہشت گردی کو بڑھاوا دینے کا الزام بھی لگایا۔

پاکستان اور بھارت کا ورلڈ کپ میچ مانچسٹر میں ہونا ہے اور اگر بھارت یہ میچ نہیں کھیلتا اور گروپ گیم کے بائیکاٹ کا اعلان کرتا ہے تو اس کے میچ پوائنٹس کم ہوجائیں گے۔

تاہم اپنے انٹرویو میں ہربھجن کا کہنا تھا کہ پوائنٹس کم ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

ہربھجن کے بقول اس کی انہیں کوئی پرواہ نہیں۔ بھارت ورلڈ کپ کی پسندیدہ ترین ٹیموں میں سے ایک ہے اور وہ ورلڈ کپ جیتنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

بھارت کے کئی کرکٹ کلبس اور مختلف کھیلوں کی منتظم تنظیموں کی جانب سے بھی پلوامہ حملے کے بعد پاکستان کا بائیکاٹ کرنے کے مطالبات اور اعلانات سامنے آئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG