رسائی کے لنکس

فلوریڈا کا ڈزنی ورلڈ 20 مئی سے جزوی طور پر کھولنے کا اعلان


ریاست فلوریڈا میں واقع ڈزنی ورلڈ کے میجک کنگ ڈم پارک کا ایک منظر
ریاست فلوریڈا میں واقع ڈزنی ورلڈ کے میجک کنگ ڈم پارک کا ایک منظر

امریکہ کی ریاست فلوریڈا میں واقع ڈزنی کے مشہور تھیم پارکس کی انتظامیہ اور یونین کے درمیان کئی روز سے بات چیت ہو رہی تھی جس کے بعد اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ کچھ تفریحی مقامات اور شاپنگ مال کھول دیے جائیں۔ اور ملازمین کے لیے خاص طور سے احتیاطی اور حفاظتی تدابیر کا خیال رکھا جائے۔

جمعرات کے روز ڈزنی کی یونین کے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ اس بارے میں بحث جاری ہے کہ مقبول تھیم پارکوں کو کب کھولا جائے، لیکن اب یہ مسئلہ افہام و تفہیم سے طے کر لیا گیا ہے۔

کمپنی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگلے ہفتے ایک تیسرے فریق کی مدد سے ڈزنی سپرنگز کھول دیے جائیں گے اور اس ماہ کے آخر میں تین بڑے سٹور بھی کھل جائیں گے۔

ڈزنی سپرنگز کے نائب صدر میٹ سائمن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ابھی عارضی طور ہمارے تھیم پارک اور ہوٹل بند رہیں گے۔ مرحلہ وار تمام تفریح گاہوں کو کھولا جا رہا ہے۔ ہم ایک غیر معمولی ماحول میں رہ کر یہ سارے کام احتیاط سے کریں گے۔

نائب صدر سائمن نے کہا کہ احتیاطی تدابیر کا نفاذ بہت ضروری ہے۔ مثال کے طور کیش میں لین دین نہیں ہو گا، تاکہ خریدار اور کیشیئر کا جسمانی رابطہ کم سے کم ہو۔ فیس ماسک کی پابندی لازمی ہو گی۔ سماجی فاصلے کے اصول کا خیال رکھا جائے گا۔ صفائی ستھرائی اور جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ زیادہ کیا جائے گا۔

ڈزنی ورلڈ کے تھیم پارک بند کرنے سے جنوری سے مارچ کی سہ ماہی میں کمپنی کو تقریباً ایک ارب ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے۔

کمپنی کے مطابق اس ماہ کے اوائل میں تقریباً ایک لاکھ بیس ہزار ملازمین کو بغیر تنخواہ کے چھٹی پر بھیج دیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG