رسائی کے لنکس

کرونا وائرس: 'فروزن ٹو' اسٹریمنگ کے لیے جلد ریلیز کرنے کا فیصلہ


والٹ ڈزنی کمپنی نے اپنی نئی اینی میٹڈ فلم فروزن ٹو مقررہ وقت سے کئی مہینے پہلے اسٹریمنگ کے لیے ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ خاندان جنہیں کرونا وائرس کے باعث اپنا زیادہ تر وقت گھر میں گزارنا پڑ رہا ہے، اس فلم کا لطف اٹھا سکیں۔

کمپنی کا خیال ہے کہ لوگوں کے بڑے پیمانے پر گھر موجود ہونے سے اسے کہیں زیادہ ناظرین مل سکیں گے۔

ڈزنی اپنی یہ نئی فلم ڈزنی پلس چینل پر اسٹریم کرے گا۔

جمعے کے روز ڈزنی کے ایک اعلان میں کہا گیا ہے کہ فلم 'فروزن ٹو' کی اسٹریمنگ ڈزنی پلس پر اتوار سے شروع کی جا رہی ہے، جب کہ معمول کے حالات میں یہ تین مہینے بعد ریلیز کی جانی تھی۔

کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور نیدرلینڈز میں 'فروزن ٹو' کی اسٹریمنگ منگل سے شروع کی جا رہی ہے۔

کرونا وائرس کی وجہ سے ڈزنی سمیت کئی کمپنیوں نے اپنی نئی فلموں کی ریلز ملتوی کر دی ہے۔ ان میں سے کچھ فلمیں مارچ اور اپریل میں ریلیز ہونا تھیں مگر کچھ تھیٹرز بند کر دیے گئے ہیں، کیونکہ صحت سے متعلق حکام نے ہدایات جاری کی ہیں کہ وائرس کے خطرے کے پیش نظر اجتماع سے گریز کیا جائے۔

فلم کمپنیاں اپنی نئی فلمیں پہلے سینما گھروں میں ریلیز کرتی ہیں جس کے بعد انہیں اسٹریمنگ پر ڈال دیا جاتا ہے۔

تھیٹرز میں 'فروزن ٹو' کی نمائش گزشتہ سال 22 نومبر کو شروع ہوئی تھی اور اس نے تھیٹرز کا اپنا سرکل مکمل کر لیا ہے۔ فلم کو ٹکٹوں کی فروخت سے دنیا بھر میں ایک ارب 40 کروڑ ڈالر سے زیادہ آمدنی ہوئی تھی، جو کسی بھی اینی میٹڈ فلم کا ایک ریکارڈ ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق کرونا وائرس میں مبتلا زیادہ تر مریض شفایاب ہو چکے ہیں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ جن افراد پر وبا کا حملہ معمولی نوعیت کا ہوتا ہے تو اس کے شفایاب ہونے میں تقریباً دو ہفتے لگتے ہیں جب کہ شدید بیماری کی صورت میں صحت یاب ہونے میں تین سے چھ ہفتے درکار ہوتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG