رسائی کے لنکس

بھارت میں کرونا بحران کے دوران سلمان خان کی فلم ریلیز، 'کیا رادھے کے لیے کوئی ویکسین ہے؟'


فلمی شائقین کو سلمان خان کی فلم کا انتظار گزشتہ برس سے تھا جو وبا کے باعث تاخیر کا شکار ہو گئی تھی۔
فلمی شائقین کو سلمان خان کی فلم کا انتظار گزشتہ برس سے تھا جو وبا کے باعث تاخیر کا شکار ہو گئی تھی۔

بھارت میں عالمی وبا کرونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کی فلم 'رادھے: یور موسٹ وانٹڈ بھائی​' عید الفطر کے موقع پر آن لائن ریلیز کی گئی ہے۔

فلمی شائقین کو سلمان خان کی اس نئی فلم کا انتظار گزشتہ برس سے تھا جو کہ وبا کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہو گئی تھی۔

اداکار سلمان خان نے ماضی کی طرح اس سال بھی عید الفطر کے موقع پر اپنی فلم ریلیز کرنے کی روایت برقرار رکھی۔ لیکن ان کی یہ فلم گزشتہ فلموں کے مقابلے میں اوپننگ پر یعنی ریلیز کے پہلے دن اچھا بزنس کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔

باکس آفس انڈیا کی رپورٹ کے مطابق سلمان خان کی فلم 'رادھے' ریلیز کے پہلے دن دنیا بھر سے چھ لاکھ ڈالرز کا بزنس کر سکی۔

سلمان خان کی فلم 'دبنگ تھری' نے اوپننگ پر 40 لاکھ ڈالر کا بزنس کیا تھا جب کہ ان کی فلم 'بھارت' نے 2019 میں عید الفطر کے موقع پر 62 لاکھ ڈالر سے زائد کا بزنس کیا تھا۔

ایکشن، تھرل اور سنسنی سے بھرپور فلم رادھے 13 مئی کو آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم 'زی فائیو' پر ریلیز کی گئی۔ فلم ریلیز ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین 'زی فائیو' کا سرور کریش ہونے کی شکایت بھی کرتے نظر آئے۔

رادھے کا انتظار سلمان خان کے چاہنے والے فلم کا ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد سے کر رہے تھے۔ لیکن سوشل میڈیا صارفین کے تبصروں سے یہ ظاہر ہو رہا ہے کہ بعض لوگوں کو سلمان خان کی نئی فلم کچھ خاص پسند نہیں آئی ہے۔

ٹوئٹر پر ابیجیت گنگلے نے رادھے کو کرونا وائرس سے ملاتے ہوئے کہا ہے کہ "رادھے کے لیے کوئی ویکسین ہے؟"

ایک صارف نے میم شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ "30 منٹ رادھے فلم دیکھنے کے بعد میرا ردِ عمل۔"

سلمان خان کی فلم پر تبصرہ کرنے ہوئے وکی کا کہنا تھا کہ "کرونا کے بعد اب رادھے وبا، اس وائرس کو نہ دیکھیں اور محفوظ رہیں۔"

سوشل میڈیا پر جہاں صارفین کی جانب سے فلم 'رادھے' کے لیے منفی تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ وہیں سلمان خان کے کچھ مداح ان کی فلم کو خوب پسند کر رہے ہیں۔

سانو خان نے 'رادھے' کو ایک اچھی فلم قرار دیا ہے۔

راجویر نامی صارف نے سلمان خان کو ان کی فلم رادھے کے لیے مبارک باد دی اور لوگوں کو یہ فلم دیکھنے کو کہا ہے۔

یاد رہے کہ فلم 'رادھے: یور موسٹ وانٹڈ بھائی' میں سلمان خان نے ایک پولیس افسر کا کردار ادا کیا ہے جو جرائم پیشہ افراد کا انکاؤنٹر کرتا ہے۔

فلم کی کاسٹ میں سلمان خان کے علاوہ اداکارہ دیشا پٹانی اور جیکی شروف بھی شام ہیں۔ رندیپ ہودا نے فلم میں وِلن کا کردار نبھایا ہے۔

فلم کی ہدایات پربھو دیوا نے دی ہیں۔ اس سے قبل وہ سلمان خان کی مقبول ترین فلموں 'وانٹڈ' اور 'دبنگ تھری' کی ہدایت کاری بھی کر چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG