رسائی کے لنکس

کنگنا رناوت کا ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل


فائل فوٹو
فائل فوٹو

ٹوئٹر کے مطابق مغربی بنگال کے انتخابی نتائج کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال میں کنگنا کے متنازع ٹوئٹ پر اکاؤنٹ معطل کیا گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے مغربی بنگال کے انتخابی نتائج کے بعد مبینہ تشدد سے متعلق متنازع ٹوئٹ کرنے پر فلمی اداکار کنگنا رناوت کا اکاؤنٹ مستقل طور پر معطل کر دیا ہے۔

ٹوئٹر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس اکاؤنٹ سے ’نفرت انگیزی اور نامناسب رویے‘ سے متعلق پالیسی کی مسلسل خلاف ورزی کی گئی ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق اداکارہ نے پیر کو ایک ٹوئٹ میں وزیرِ اعظم مودی پر زور دیا تھا کہ وہ مغربی بنگال کی وزیرِ اعلیٰ ممتا بنر جی کو ’سدھارنے‘ کے لیے گینگسٹر والے حربے آزمائیں۔

یاد رہے کہ اتوار کو مغربی بنگال کے ریاستی انتخابات میں ممتا بنر جی کی جماعت ترنامول کانگریس نے بی جے پی کو شکست دی ہے اور اس کے بعد مبینہ طور پر وہاں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کی جانب سے پرتشدد واقعات بھی سامنے آ رہے ہیں۔

کنگنا رناوت کا اکاؤنٹ معطل کرنے کے حوالے سے رابطہ کرنے پر ٹوئٹر نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ وہ کسی بھی ایسے رویے کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے بالکل واضح ہیں جو آف لائن کسی بھی قسم کے ضرر کا باعث بن سکتا ہے۔

کنگنا رناوت کے اکاؤنٹ سے متعلق ٹوئٹر کا کہنا ہے ’متعلقہ اکاؤنٹ نفرت انگیزی اور نامناسب رویے سے متعلق ہماری پالیسی کی مسلسل خلاف ورزی کے باعث مستقل طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔‘

کنگنا رناوت نے ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل ہونے کے بعد اپنے ردِ عمل میں ٹوئٹر پر نسلی تعصب کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ہمیں بتانا چاہتے ہیں کہ ہمیں کیا سوچنا، کہنا اور کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خوش قسمتی سے ایسے کئی پلیٹ فارم ہیں جہاں سے وہ اپنی آواز اٹھا سکتی ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی اداکارہ کنگنا رناوت ٹوئٹر پر بھارت میں ہونے والے کسانوں کے احتجاج کے دوران مظاہرین پر کڑی تنقید اور حکومت کی حمایت میں دیے گئے متنازع بیانات اور ٹوئٹس کی وجہ سے تنازعات کا شکار رہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG