رسائی کے لنکس

پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کی دعوت دی ہے، انگلینڈ کی تصدیق


فائل فوٹو
فائل فوٹو

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اسے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئندہ برس کے اوائل میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کی دعوت دی ہے۔

انگلش کرکٹ بورڈ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پی سی بی سے مذاکرات کے بعد ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کو پاکستان میں کھیلنے کا دعوت نامہ موصول ہوا ہے۔

ای سی بی کا کہنا ہے کہ ہم اس حقیقت کا خیر مقدم کرتے ہیں کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ واپس آرہی ہے اور ہم اسے مزید آگے بڑھانے کے لیے جو کچھ کرسکتے ہیں، کریں گے۔

انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی سی بی کی دورے کی دعوت قبول کرنے کی صورت میں 2005 کے بعد یہ پہلا موقع ہو گا جب انگلش ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔

ای سی بی کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس بائیو سیکیور ماحول، ٹیم کی سیکیورٹی اور پہلے سے مصروف شیڈول کو پس منظر میں رکھتے ہوئے ہی دورۂ پاکستان کی فزیبلٹی اور امکان پر غور کیا جائے گا۔

پاکستان کی جانب سے انگلینڈ کو دی جانے والی دعوت سے متعلق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھی اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ پی سی بی کا دعوت نامہ قبول کرنے اور پاکستان کا دورہ کرنے یا نہ کرنے سے متعلق ابھی حتمی فیصلہ ہونا باقی ہے۔

لاہور میں 2009 میں سری لنکا کی ٹیم کی بس پر دہشت گرد حملے کے بعد سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے۔ تاہم 2015 میں جب زمبابوے نے پاکستان آکر محدود اوورز کے میچز کھیلے تو ایک مرتبہ پھر پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے دروازے کھلنا شروع ہوئے۔

اب تک زمبابوے کے علاوہ، سری لنکا، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کر چکی ہیں تاہم انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ جیسی بڑی ٹیمیں اب تک نہیں آئیں۔

XS
SM
MD
LG