رسائی کے لنکس

'نیلم منیر آئٹم سانگ کے لیے آئی ایس پی آر پر الزام نہ لگائیں'


اداکارہ نیلم منیر کا دعویٰ ہے کہ ان کی نئی آنے والی فلم 'کاف کنگنا' میں انہوں نے آئٹم سانگ اس لیے کیا ہے کیوں کہ یہ فلم آئی ایس پی آر کا پراجیکٹ ہے۔
اداکارہ نیلم منیر کا دعویٰ ہے کہ ان کی نئی آنے والی فلم 'کاف کنگنا' میں انہوں نے آئٹم سانگ اس لیے کیا ہے کیوں کہ یہ فلم آئی ایس پی آر کا پراجیکٹ ہے۔

پاکستان کی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری سے وابستہ اداکارہ نیلم منیر نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اپنی نئی آنے والی فلم 'کاف کنگنا' میں آئٹم سانگ اس لیے کیا ہے کیوں کہ یہ فلم پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا پراجیکٹ ہے۔

نیلم منیر کے اس دعوے پر نئی بحث چھڑ گئی ہے جب کہ ان کے آئٹم سانگ کی ویڈیو یوٹیوب پر لاکھوں مرتبہ دیکھی جاچکی ہے۔

چونتیس سالہ اداکارہ نے اتوار کی شب انسٹاگرام پر فلم 'کاف کنگنا' کے ایک گانے کا کلپ پوسٹ کیا، جس میں انہیں پرفارم کرتے دیکھا جاسکتا ہے اور اسے پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا پراجیکٹ قرار دیا۔ تاہم آئی ایس پی آر کی طرف سے تاحال اس دعوے پر جواب سامنے نہیں آیا ہے۔

نیلم منیر کے بقول، "میں نے یہ گانا صرف اس وجہ سے کیا کیوں کہ یہ آئی ایس پی آر کا پراجیکٹ ہے۔ شاید یہ میری زندگی کا پہلا اور آخری آئٹم سانگ ہے۔ لیکن آپ جانتے ہیں جب بھی میں کوئی کام کرتی ہوں اس کی ذمہ داری لیتی ہوں اور اسے فخر سے کرتی ہوں۔"

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا "پاکستان کے لیے میری جان بھی حاضر ہے۔ مجھے یقین ہے کہ آپ سب جائیں گے اور اس فلم کو دیکھیں گے۔"

ہدایت کار خلیل الرحمان قمر کی فلم 'کاف کنگنا' 25 اکتوبر کو دنیا بھر میں ریلیز ہونے جارہی ہے۔ نیلم منیر پر فلمایا گیا گانا 'خوابوں میں' 18 اکتوبر کو یوٹیوب پر ریلیز کیا گیا جسے اب تک تقریباً تین لاکھ مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔

نیلم منیر کی انسٹاگرام پوسٹ پر ان کے دعوے پر بعض صارفین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جب کہ بعض نے اُن کی پرفارمنس کو زبردست قرار دیا۔

مریم نامی انسٹاگرام صارف نے نیلم منیر کی پوسٹ پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس آئٹم سانگ کی جو کوئی بھی وجہ ہو لیکن یہ تسلیم کرنا مشکل ہے کہ یہ گانا پاکستانی فلم میں ہے۔

سدرہ نامی صارف نے نیلم منیر کو کہا کہ آپ آئی ایس پی آر پر الزام نہ لگائیں۔

محمد اسرار نے کہا کہ نیلم منیر آپ بہت اچھی لڑکی ہیں ایسے کام آپ پر نہیں ججتے۔

علی نامی ایک صارف نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ فوج سے متعلق آئی ایس پی آر کی فلم میں آئٹم سانگ کیوں ہے؟ کیا تصویر پیش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے؟

یاد رہے کہ اداکارہ نیلم منیر نے 2017 میں ریلیز ہونے والی فلم 'چھپن چھپائی' سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور 'کاف کنگنا' ان کے کیریئر کی تیسری فلم ہے۔

نیلم منیر دو درجن سے زائد ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر بھی دکھا چکی ہیں۔ ان کے مشہور ڈراموں میں قید تنہائی، دل موم کا دیا، جل پری اور میری بہن مایا سمیت دیگر شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG