رسائی کے لنکس

’ چھپن چھپائی‘ پھر وہی ذومعنی مکالمے اور ’دیکھی دیکھی‘ کہانی


اگر ’حالات‘ اور ’سنسر‘ بورڈ کے مزاج سمیت سب کچھ ’اچھا ‘رہا تو رواں سال کے آخری مہینے کے آخری جمعے کو ایک نئی اور سال کی آخری فلم ’چھپن چھپائی‘ بھی ریلیز ہوجائے گی۔

پاکستان فلم انڈسٹری کئی سال سے جاری کاوشوں کے باوجود ابھی تک اپنے پیروں پر پوری طرح کھڑی نہیں ہو سکی ہے۔ تاہم، اس دوران اتنا ضرور ہوا ہے کہ ایک کہ بعد ایک فلم بن رہی ہے، جس سے احساس ہونے لگا ہے کہ انڈسٹری نے سانس لینا شروع کر دیا ہے۔

اگر ’حالات‘ اور ’سنسر‘ بورڈ کے مزاج سمیت سب کچھ ’اچھا‘ رہا تو رواں سال کے آخری مہینے کے آخری جمعہ کو ایک نئی اور سال کی آخری فلم ’چھپن چھپائی‘ بھی ریلیز ہوجائے گی اور یوں ملکی انڈسٹری میں ایک اور فلم کا اضافہ دیکھنے کو ملے گا۔

فلم کا ٹریلر ریلیز ہوچکا ہے۔ اس کی ریلیز کے وقت ہونے والی تقریب میں وائس آف امریکہ کے نمائندے سمیت تمام میڈیا نمائندوں اور بلاگز کو مدعو کیا گیا تھا۔ میڈیا نمائندوں سے فلم کے ہیرو اور ہیروئن کے ساتھ ساتھ دیگر کاسٹ نے بھی خطاب کیا۔

’چھپن چھپائی‘ ٹی وی اسکرین پر کام کرنے والے فنکاروں کی ’فلم‘ ہے شاید اسی لئے احسن خان کو یہ وضاحت کرنا پڑی کہ وہ ٹی وی پر اس وقت جس طرح کے کردار ادا کر رہے ہیں، چھپن چھپائی میں ان کا کردار بہت مختلف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’چھپن چھپائی‘ ایک مزاحیہ فلم ہے جس میں تفریحی کے ساتھ ساتھ ایک پیغام بھی موجود ہے۔ ’’مجھے یقین ہے کہ ناظرین ٹیم کی اس کاوش کو ضرور سراہیں گے۔‘‘

فلم کی ہیروئن نیلم بھی ٹی وی ڈراموں کے حوالے سے اپنی پہچان رکھتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’انڈسٹری کے بڑے ناموں اور چہروں کے ساتھ اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز کرنا یقیناً میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ میر ی دیرینہ خواہش تھی کہ ایک اچھی کامیڈین فلم سے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز کروں اور’چھپن چھپائی‘ میں پری کا کردار میری اسی خواہش کی تکمیل ہے۔‘‘

فلم ’چھپن چھپائی‘ کی تحریر و ہدایات محسن علی نے دی ہیں۔ سن 2015ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’رانگ نمبر‘ کے مصنف بھی وہی تھے اور اس کا اندازہ آپ کو فلم کے ٹریلر میں ذومعنی فقرے سن کر ہی ہوجائے گا۔

تاہم، ذومعنی ڈائیلاگز سے فلم مقبول ہوگی یا فلم سے ان دومعنی مکالموں کا معاشرے میں استعمال بڑھے گا، اس کا فیصلہ آنے والا وقت کرے گا۔

کچھ ناقدین کا خیال ہے کہ ان کی مزید اسی طرح کی فلمیں آئیں تو یہ مستقبل میں ناظر کی ’نبض شناسی‘ کا پیمانہ ہوں گی۔

احسن خان اور نیلم منیر کے علاوہ فلم کی دیگر کاسٹ کی بات کریں تو سینئر اداکار طلعت حسین اور سکینہ سموں بھی فلم کا اہم حصہ ہیں، جبکہ پیشکش رے خان اور پروڈکشن زید شیخ کی ہے۔

فلم کے دیگر اداکاروں میں جاوید شیخ، ریحان شیخ، مانی، ارشد محمود، عدنان جعفر، زید شیخ، علی رضوی اور وجدان شاہ شامل ہیں۔

فلم ’چھپن چھپائی‘ کی کہانی تین دوستوں کے گرد گھومتی ہے جو قدرے ناسمجھ ہیں۔ تینوں کی ملاقات بابو اور اس کی دوست ’پری‘ سے ہوتی ہے۔ سب ’شارٹ کٹ‘ میں امیر بننے کی خواہش کو پورا کرنے کی غرض سے ایک امیر شخص کو اغوا کرکے تاوان وصول کرنے اور راتوں رات امیر بننے کی منصوبہ بندی کرتے ہیں۔

طے شدہ وقت اور طریقے سے مطابق وہ ایک وزیر کے بیٹے کو اغوا کرلیتے ہیں۔ یہیں فلم کی کہانی ایک دلچسپ موڑ لیتی ہے اور۔۔۔ وہ سب کچھ ہوتا ہے جو اکثر مزاحیہ فلموں میں ہوا کرتا ہے۔

ہوسکتا ہے یہ کہانی آپ کو بھی ماضی میں ریلیز ہونے والی بہت سی بالی ووڈ فلموں میں ’دیکھی دیکھی کہانی‘ لگے مگر حتمی فیصلے کے لئے ہمیں اور آپ کو فلم کی ریلیز تک کا انتظار کرنا اور اسے دیکھنا پڑے گا۔ تب تک انتظار کریں کہ انتظار کا بھی تو اپنا ہی ایک مزا ہے۔

XS
SM
MD
LG