رسائی کے لنکس

امریکہ کے ساتھ 'گیم آف تھرونز' کھیلنے کا ارادہ نہیں: چین


چینی وزیر خارجہ وانگ یی (فائل فوٹو)
چینی وزیر خارجہ وانگ یی (فائل فوٹو)

چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے چین کی تجارت اور ترقیاتی ماڈل پر کی جانے والی تنقید پر امریکہ کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے بیجنگ امریکہ کے ساتھ عالمی سطح پر ‘گیم آف تھرونز’ کھیلنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔

امریکہ چین بزنس کونسل کے زیر اہتمام منگل کو منعقدہ تقریب سے خطاب میں چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین اپنی تجارت کو لاحق خطرات سمیت دیگر خطرات کے سامنے نہیں جھکے گا۔

انہوں نے کہا کہ تجارتی جنگ امریکہ اور چین کو غیر ضروری نقصان پہنچا رہی ہے۔ جس سے امریکی کمپنیوں کے اخراجات بڑھ رہے ہیں اور صارفین کے لیے قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے۔

وانگ یی کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ ماہ چین اور امریکہ کے درمیان ہونے والی اعلیٰ سطح کی بات چیت کے مثبت نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔

اس سے قبل منگل کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کے دوران چین کی معاشی پالیسیوں کو غیر منصفانہ قرار دیا تھا۔

اُن کا کہنا تھا کہ امریکہ بیجنگ کے تجارتی اصولوں کو مزید برداشت نہیں کرے گا اور نہیں چاہے گا کہ اس کا چین کے ساتھ تجارت کا نامناسب معاہدہ ہو۔

ہانگ کانگ میں جاری مظاہرے
ہانگ کانگ میں جاری مظاہرے

صدر ٹرمپ نے دوران خطاب چین کو خبردار کیا تھا کہ دنیا دیکھ رہی ہے کہ بیجنگ، ہانگ کانگ میں مظاہرین سے کیسے نمٹ رہا ہے اور مظاہرین کے خلاف ممکنہ چینی حکومت کے کریک ڈاؤن کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

جنرل اسمبلی اجلاس میں امریکی صدر ٹرمپ نے چین پر تجارتی رازوں کی چوری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ چین عالمی تجارتی تنظیم کے ان قوانین کا فائدہ اٹھا رہا ہے۔ جو بیجنگ کو ترقی پزیر معیشت ہونے کی وجہ سے فائدہ مند پالیسیاں فراہم کرتا ہے۔

صدر ٹرمپ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کر رہے ہیں
صدر ٹرمپ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کر رہے ہیں

امریکی صدر چینی مصنوعات پر محصولات میں اضافے کی پالیسی کے ذریعے چین کے ساتھ تجارتی رکاوٹوں کو دور کرنا چاہتے ہیں۔

منگل کو تقریب سے خطاب میں چین کے وزیر خارجہ نے امریکہ کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ چین کو اپنا ترقیاتی ماڈل تبدیل کرنے اور دونوں ممالک کی معیشتوں کو علیحدہ کرنے کی کوشش نا کرے، یہ ممکن نہیں ہے۔

وانگ نے مزید کہا کہ چین ایک ترقی پزیر ملک ہے اور اب بھی امریکہ سے بہت پیچھے ہے۔ بیجنگ کا امریکہ کے ساتھ عالمی سطح پر 'گیم آف تھرونز' کھیلنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

اُن کے بقول موجودہ دور میں اور مستقبل میں بھی امریکہ دنیا کا مضبوط ترین ملک ہی رہے گا۔

ہانگ کانگ میں جاری مظاہروں سے متعلق وانگ یی کا کہنا تھا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ امریکہ چین کی خود مختاری کا احترام کرے گا اور ہانگ کانگ میں جاری مظاہروں کو روکنے اور امن کی بحالی میں چینی حکومت کی کوششوں کو سراہے گا۔

XS
SM
MD
LG