پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان لاہور میں کھیلے جا رہے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستانی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اووروں میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنائے ہیں۔ پاکستان کی اننگ میں بابر اعظم ، شعیب ملک اور احمد شہزاد نے اہم کردار ادا کیا۔ بابر اعظم 52 گیندوں پر 10 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 86 رنز بنا کر عمران طاہر کی گیند پر ملر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ شعیب ملک نے اپنی دھواں دار اننگ میں صرف 20 گیندوں پر 38 رنز بنائے۔ اُن کی وکٹ تشار پریرا کے حصے میں آئی۔ احمد شہزاد نے بھی نہایت عمدہ بیٹنگ کرتے ہیں 34 گیندوں پر 39 رنز بنائے۔
پاکستانی اننگ کی بنیاد بابر اعظم اور احمد شہزاد نے رکھی تاہم 130 کے سکور پر احمد شہزاد اور پھر 142 پر بابر اعظم کے آؤٹ ہونے پر رنز بننے کی رفتار سست ہو گئی۔ بعد میں شعیب ملک نے اپنے تجربے کا بھرپور فائدہ اُٹھاتے ہوئے زبردست شاٹس کھیلیں اور پاکستان کا اسکور ایک بار پھر تیزی سے بڑھنے لگا۔
اب انگز کے دوران وقفہ ہے جس کے بعد ورلڈ الیون بیٹنگ کا آغاز کرے گی۔
لاہور کا قزافی اسٹیڈیم تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا ہے اور شایقین ایک طویل عرصے کے بعد ملک کے اندر اعلیٰ ترین سطح کی بین الاقوامی کرکٹ سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
اس سے قبل ورلڈ الیون کے کپتان ڈوپلیسئس نے ٹاس جہت لیا ہے اور پہلے بالنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹاس جیتنے کے بعد ڈوپلیسئس نے کہا کہ اُن کے لئے یہ سب ایک مختلف صورت حال ہے۔ اُنہوں نے اپنے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے یہ فیصلہ وکٹ دیکھ کر کیا ہے کیونکہ اُن کی ٹیم میں بہترین بلے باز موجود ہیں۔
ڈوپلیسئس نے کہا کہ ورلڈ الیون کی کپتانی کرنا اُن کیلئے ایک اعزاز کی بات ہے اور خاص طور پر اُنہیں فخر ہے کہ وہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے سلسلے میں ایک کردار ادا کر رہے ہیں۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ اگر وہ ٹاس جیت بھی لیتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرنا چاہتے تھے۔ ہماری تمام تر توجہ کرکٹ پر ہے۔ ماضی میں جو کچھ ہوا، وہ ماضی کا حصہ ہے۔ ہماری ٹیم زبردست ہے۔
دونوں ٹیمیں میں یہ کھلاڑی شامل ہیں:
ورلڈ الیون: تمیم اقبال، ھاشم آملہ، ڈوپلیسئس، ڈیوڈ ملر، گرانٹ ایلیٹ، پریرا، پین، کٹنگ، ڈیرن سیمی، مورکل، عمران طاہر
پاکستان: احمد شہزاد، فخر زمان، بابر اعظم، شعیب ملک، سرفراز احمد، عماد وسیم، فہیم اشرف، سہیل خان، شاداب خان، حسن علی اور رومان رئیس