یونان اور فرانس میں انتخابات کے بعد یورپ کی مالیاتی مارکیٹوں میں غیر یقینی بڑھ رہی ہے اور یورپ کے قرضوں کے بحران میں پھنسے ہوئے ممالک کو اس بھنور سے نکالنے کے لیے سخت مالیاتی پالیسیوں پر عمل درآمد کا مستقبل خطرے میں پڑ گیا ہے۔
اس صورت حال کے اثرات اہم ایشیائی مارکیٹوں پر بھی ظاہر ہوئے اور ان میں حصص کی قیمتیں میں تیزی سے کمی ہوئی ۔ جاپان کا نکیئی انڈکس دواعشارہ 8 فی صد جب کہ ہانگ کانگ کا سینگ انڈکس دو اعشارہ چھ فی صد گر گیا۔
یونان میں قومی انتخابات کے بعد ایتھنز کی اسٹاک مارکیٹ میں شیئرز کی قیمتوں میں سات فی صد تک کمی دیکھنے میں آئی۔
پیرس کی مارکیٹ میں معمولی اضافہ ہوا مگر فرینکفرٹ کی اسٹاک مارکیٹ میں حصص کی قیمتیں قدرے گر گئیں۔جب کہ ایک موقع پرڈالر کے مقابلے میں یورو کی قیمت میں بھی کمی ہوئی ۔
فرانس میں ووٹروں نے سوشیلسٹ امیدوار فرانسکو ہولاندکو صدر کے طورپر منتخب کرلیا ہےاور انہوں نے ملکی معیشت کو ترقی دینے کے لیے امیر لوگوں پر ٹیکس بڑھانے کا عندیہ دیا ہے۔